ٹرانسپیرنسی رپورٹ میں قانون کی حکمرانی نہ ہونے کا ذکر ہے،فواد چوہدری

تازہ ترین

تازہ ترین

ٹرانسپیرنسی رپورٹ میں قانون کی حکمرانی نہ ہونے کا ذکر ہے،، فواد چوہدری
ٹرانسپیرنسی رپورٹ میں قانون کی حکمرانی نہ ہونے کا ذکر ہے،، فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں پاکستان کا درجہ مالی کرپشن نہیں بلکہ سیاسی کرپشن اور قانون کی حکمرانی نہ ہونے کے باعث نیچے آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسین بہت ضروری ہے، جن لوگوں نے ویکسین کرائی تھیں وہ نئی لہر سے متاثر نہیں ہوئے، اومیکرون کے باوجود کاروبار بند نہیں ہوگا۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ مردم شماری کیلئے 5 ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے، دسمبر میں مردم شماری مکمل ہوگی جنوری میں حلقہ بندیاں ہوں گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ نے کریمنل لاء ترامیم کی منظوری دی ہے، جس کے تحت ہر فوجداری کیس کا فیصلہ 9 ماہ میں کرنالازمی ہوگا، 9 ماہ میں فیصلہ نہ کرنے پر مجسٹریٹ یا جج چیف جسٹس کو وجہ لکھ کر دیگا کہ التواء کیوں ہوا، اگر متعلقہ جج مناسب وجوہات بیان نا کر سکا تو کارروائی ہو گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پولیس کو ضمانت کی پاور دی جارہی ہے، جرائم کے مقدمات میں پلی بارگین کو شامل کررہے ہیں، ایس ایچ او کی تعلیمی قابلیت کم از کم بی اے لازمی ہو گی، پراسیکیوشن کے دائرہ اختیار کو بھی بڑھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کا اومنی کیس، شہباز شریف کا کیس، عثمان مرزا، نور مقدم کیس کا ٹرائل براہ راست نشر کیا جائے، عوامی دلچسپی کے مقدمات کا فوری فیصلہ ہونا چاہیے، قانون کی بالادستی میں عدلیہ کا بہت اہم کرداربڑھے گا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کریمنل جسٹس ریفارمز سے رول آف لاء میں بہتری آئے گی، ہائی پروفائل اور اہم مقدمات کی سماعت براہ راست دکھائی جانی چاہیے۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر بھی گفتگو ہوئی، دراصل پاکستان کا اسکور قانون کی حکمرانی اور سیاسی کرپشن کے باعث نیچے گرا ہے اور فنانشل کرپشن میں اضافہ نہیں ہوا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مختلف اداروں اور این جی اوز کی رپورٹس کی بنیاد پر یہ رپورٹ بنائی گئی ہے، تمام اداروں نے پاکستان کی رینکنگ کو برقرار رکھا، صرف اکانومسٹ انٹیلی جنس کنٹری یونٹ نے درجہ بندی گرائی ہے، چیک کرلیں اس کا پاکستان میں کون سربراہ ہے، تو آپ کو پتہ چل جائے گا کہ کیوں گرایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: بدعنوانی میں اضافہ، پاکستان 140ویں نمبر پر آگیا۔ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رول آف لاء پر کام کرنے کی ضرورت ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ ابھی پوری طرح شائع نہیں ہوئی، اس میں فنانشل کرپشن کا ذکر نہیں ہے، ملک میں امیرکیلئے اورغریب کیلئے اورقانون کوختم کرنے کی ضرورت ہے۔

Related Posts