کراچی: گڈز ٹرانسپورٹرز نے وفاقی حکومت سے کرائے کم کرنے کیلئے ڈیزل کی قیمت میں مزید کمی کا مطالبہ کردیا ہے۔ صدر گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے کہا کہ ہم کرایوں میں کمی نہیں کر رہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں کمی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں تاہم ہم کرایوں میں کمی نہیں کر رہے اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے کرائے پرانی سطح پر برقرار رہیں گے۔
بیان میں صدر گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے کہا کہ جنگی حالات کے باعث ملک میں امپورٹ ایکسپورٹ کام کاروبار نہ ہونے کے برابر ہے۔ کام نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے ٹرانسپورٹرز نے کئی ہزار گاڑیاں کھڑی کر دیں۔ موجودہ صورتحال میں وزیراعظم کی طرف سے گڈز ٹرانسپورٹرز کو کسی قسم کا ریلیف نہیں ملا۔
صدر گڈز ٹرانپسورٹ الائنس نے کہا کہ ہم ملک کے وسیع تر مفاد میں اپنی گاڑیاں نقصان میں چلا رہے ہیں۔ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 263 روپے اضافہ کیا گیا، پھر پچھلے ہفتے 135 روپے اور آج 32 روپے 12 پیسے کم کئے۔ کرایوں میں کمی ڈیزل کی قیمت میں مزید کمی کے بعد کریں گے۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کرے گی۔ ہم نے وفاقی حکومت سے ود ہولڈنگ ٹیکس، ٹول ٹیکس سمیت ٹریفک اور موٹروے پولیس کے ناجائز چالان میں ریلیف کا بھی مطالبہ کیا تھا۔ حکومت ہمیں اتنی سہولیات بھی دے جتنے ٹیکسز کی ادائیگی کرتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








