وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات، خصوصاً ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے بعد مال بردار اور عوامی ٹرانسپورٹرز نے بدھ کے روز کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔
گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر کے مطابق، ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے کرایوں میں اضافہ ناگزیر بنا دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے ہی مالی دباؤ میں ہیں، ایندھن کی قیمتوں میں اضافے نے ہمیں کرایے بڑھانے پر مجبور کر دیا ہے۔
ٹرانسپورٹرز نے یہ اضافہ بغیر کسی سرکاری نوٹیفکیشن کے کیا ہے، جس پر شہریوں کی جانب سے سخت تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے پہلے ہی جینا دوبھر کر رکھا ہے اور حکومتی منظوری کے بغیر کرایوں میں اضافہ ان کے مسائل کو مزید بڑھا رہا ہے۔
واضح رہے کہ منگل کے روز وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، جس میں خاص طور پر ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11.37 روپے فی لیٹر کا نمایاں اضافہ شامل ہے۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، پیٹرول کی قیمت 5.36 روپے فی لیٹر بڑھا کر 275.62 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 284.35 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ یکم جولائی کو بھی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 روپے فی لیٹر تک اضافہ کیا تھا، جس کے بعد ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








