نوبل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسفزئی نے حال ہی میں اپنی نئی کتاب فائنڈنگ مائی وے کے بارے میں سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے اپنے مداحوں کے ساتھ کتاب لکھنے کے دوران سیکھے گئے چند اہم سبق بیان کیے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کتاب ان کی زندگی کے انتہائی ذاتی اور گہرے تجربات پر مبنی ہے جو قارئین کو خود کی تلاش اور زندگی کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کی ایک جھلک پیش کرتی ہے۔
ملالہ کے مطابق اس کتاب کو لکھنے کا عمل ان کے لیے ایک قسم کی تھراپی کی طرح تھا جس نے انہیں اپنی شخصیت کے ان پہلوؤں سے روشناس کرایا جن سے وہ پہلے واقف نہیں تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ کتاب لکھنا ایک طویل اور صبر آزما عمل ہے جس میں بار بار مسودے تیار کرنا، ترمیم کرنا اور نظرثانی کرنا شامل ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ اپنی آڈیو بک ریکارڈ کرنے کا تجربہ ان کے لیے اپنا ذاتی ڈائری بلند آواز میں پڑھنے جیسا تھا جس کے دوران وہ جذباتی لمحات سے گزریں اور چائے کے وقفوں نے ان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے یہ بھی شیئر کیا کہ کتاب کی پیشگی بکنگ اس کی مقبولیت کا ایک پیمانہ ہے، جو ناشرین اور کتاب فروشوں کو یہ فیصلہ کرنے میں مدد دیتی ہے کہ کتنے نسخے تیار کیے جائیں۔
کتاب کا تعارف
فائنڈنگ مائی وے ملالہ کی اب تک کی سب سے ذاتی کتاب ہے جو خزاں 2025 میں ایٹریا بکس کے زیر اہتمام شائع ہوگی۔ یہ کتاب ان کی زندگی کے اس سفر کو بیان کرتی ہے جب وہ طالبان کے حملے کے بعد عالمی شہرت حاصل کرنے والی ایک شخصیت بن گئیں۔
کتاب میں ان کے کالج کے ایام، رشتوں، ذہنی صحت کے مسائل اور عوامی زندگی کے دباؤ سے نمٹنے کے تجربات کو بیان کیا گیا ہے۔ یہ ایک ایسی کہانی ہے جو ہر اس شخص سے جڑتی ہے جو کبھی خود کو الگ تھلگ یا گم گشتہ محسوس کرتا ہو اور جو دوستی، رابطوں اور محبت کی تلاش میں ہو۔
کتاب کا مرکزی خیال
یہ کتاب ملالہ کی جوانی اور خود کی شناخت کے سفر پر مرکوز ہے۔ اس میں خود کی تلاش، دوستی، پہلی محبت، پریشانی اور شدید عوامی توقعات کے باوجود اپنی سچائی کو برقرار رکھنے جیسے موضوعات شامل ہیں۔
ملالہ کے بقول یہ کتاب ایک کھری، ایماندار اور بعض اوقات دلچسپ انداز میں لکھی گئی ہے جو قارئین کو ان کی زندگی کے کھٹے میٹھے لمحات سے جوڑتی ہے۔
پس منظر اور مقصد
یہ کتاب ملالہ کی پہلی مشہور کتاب آئی ایم ملالہ کا تسلسل ہے جس میں انہوں نے تعلیم کے لیے اپنی جدوجہد کی کہانی بیان کی تھی۔ فائنڈنگ مائی وے کا مقصد قارئین کو یہ دکھانا ہے کہ ترقی اور کمزوریوں کو قبول کرنا کتنا اہم ہے۔ ملالہ کا ماننا ہے کہ سچے رول ماڈل کامل نہیں ہوتے، بلکہ وہ انسان ہوتے ہیں جو اپنی خامیوں کے ساتھ زندگی کا مقابلہ کرتے ہیں۔
ملالہ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ہر پیشگی بکنگ اس کہانی کو دنیا تک پہنچانے میں مدد دیتی ہے اور ان کے مداحوں کی حمایت ان کے لیے بہت معنی رکھتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








