ملک ریاض کو ایک اور جھٹکا! جامشورو میں بحریہ ٹاؤن کی غیر قانونی تعمیرات مسمار، 892 ایکڑ زمین واگزار

تازہ ترین

تازہ ترین

Illegal Bahria Town constructions demolished in Jamshoro, 892 acres of land reclaimed
ONLINE

جامشورو میں عدالت کے حکم پر بحریہ ٹاؤن کی تمام غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا اور تقریباً 892 ایکڑ عوامی زمین کو قبضہ مافیا سے واگزار کرا لیا گیا۔

عدالت نے واضح طور پر قرار دیا کہ بحریہ ٹاؤن نے جعلی کاغذات اور دھونس کے ذریعے اس زمین پر ناجائز قبضہ کیا تھا، جسے قانون کے مطابق کالعدم قرار دے دیا گیا۔

کارروائی کے دوران اینٹی انکروچمنٹ ٹیموں اور بلڈوزر کی مدد سے تمام تجاوزات ہٹا دی گئیں اور زمین کو اس کی اصل حیثیت میں بحال کر دیا گیا۔

اس فیصلے پر عوامی اور سماجی حلقوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برسوں کی جدوجہد اور عوامی دعائیں رنگ لے آئیں۔ سوشل میڈیا پر بھی شہریوں نے سخت ردعمل دیتے ہوئے بحریہ ٹاؤن کی اجارہ داری اور ناجائز طاقت کو قانون کے سامنے بے بس قرار دیا۔

لوگوں نے لکھا کہ بحریہ ٹاؤن کا غرور، سرمایہ اور جعلی بادشاہت آج زمین بوس ہو گئی ہے اور یہ فیصلہ ہر اس قبضہ مافیا کے لیے کھلا پیغام ہے جو عوامی زمین کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں۔

شہریوں نے مطالبہ کیا کہ ملک ریاض اور دیگر ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں کوئی طاقتور گروہ عوامی زمینوں پر قبضے کی جرات نہ کرے۔ عوام نے کہا کہ کرپشن کے پیسوں اور ناجائز ہتھکنڈوں سے کھڑے کیے گئے منصوبے دیرپا ثابت نہیں ہو سکتے۔

 

مزید برآں بحریہ ٹاؤن ٹو جیسے نئے منصوبوں سے عوام کو محتاط رہنے کی اپیل بھی کی گئی ہے، کیونکہ ایسے پراجیکٹس کو عوامی استحصال اور لوٹ مار سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔

جامشورو میں ہونے والا یہ فیصلہ نہ صرف عوامی زمین کی بازیابی کی علامت ہے بلکہ اس نے یہ بھی ثابت کیا ہے کہ قانون کی نظر میں کوئی بھی شخص یا ادارہ طاقتور نہیں۔ زمین اپنے اصل وارث یعنی عوام کو واپس مل گئی اور ناجائز قبضہ کرنے والوں کا غرور خاک میں مل گیا۔

Related Posts