سچ وہی نہیں جو دکھتا ہے! نیٹ فلیکس سیریز ہِز اینڈ ہرز نے ناظرین کو آزمائش میں ڈال دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ نیٹ فلیکس)

نیٹ فلکس پر حال ہی میں پیش کی جانے والی سیریز ہِز اینڈ ہرز ایک سنسنی خیز جرم و معمہ پر مبنی تھرلر ہے جس میں ایک ہولناک قتل کی تفتیش کے ساتھ ساتھ رشتوں، رازوں اور انسانی نفسیات کے پیچیدہ پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ یہ سیریز معروف مصنفہ ایلس فینی کے مشہور ناول پر مبنی ہے اور چھ اقساط پر مشتمل ہے۔

کہانی کیا ہے؟

سیریز کی کہانی امریکی ریاست جارجیا کے ایک چھوٹے سے قصبے ڈاہلونیگا (Dahlonega) میں پیش آنے والے ایک پراسرار اور خوفناک قتل کے گرد گھومتی ہے۔

کہانی اس وقت نیا رخ اختیار کرتی ہے جب اینا اینڈریوز (Anna Andrews) نامی ایک سابق نیوز اینکر اس قتل کی رپورٹنگ کے لیے اپنے آبائی قصبے واپس آتی ہے۔ تحقیق کے دوران وہ خود ایک ایسی صورتحال میں پھنس جاتی ہے جہاں ماضی اور حال آپس میں ٹکرا جاتے ہیں۔ جلد ہی انکشاف ہوتا ہے کہ مقتولہ کا تعلق انا کے ماضی سے تھا جس کے بعد قصبے کے کئی پوشیدہ راز ایک ایک کر کے سامنے آنے لگتے ہیں۔

اہم کردار اور ان کے تعلقات

اینا اینڈریوز

ایک سابق نیوز اینکر جو اپنے بکھرتے کیریئر اور ماضی کی ذہنی کشمکش سے نبرد آزما ہے۔

ڈیٹیکٹو جیک ہارپر (Detective Jack Harper)

مقامی پولیس افسر جو قتل کی تفتیش کر رہا ہے اور جو انا کا سابق شوہر بھی ہے۔

دونوں کردار نہ صرف ایک دوسرے پر شک کرتے ہیں بلکہ ہر نیا انکشاف ان کے تعلق کو مزید پیچیدہ بنا دیتا ہے جس سے کہانی میں تجسس اور تناؤ بڑھتا چلا جاتا ہے۔

پیشکش کا انداز اور مرکزی موضوعات

سیریز کی ہر قسط نئے شبہات، چھپے ہوئے رازوں اور انسانی تعلقات کے دوہرے پہلوؤں کو سامنے لاتی ہے۔

کہانی میں اس تصور کو نمایاں کیا گیا ہے کہ ہر شخص کا ایک ظاہر اور ایک پوشیدہ چہرہ ہوتا ہے یہی فلسفہ ہِز اینڈ ہرز یعنی اس کا اور اس کی نظر سے سچ کے عنوان میں جھلکتا ہے۔ اس دو رخی بیانیے کی وجہ سے ناظرین کو ہر واقعہ مختلف زاویوں سے دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

ریلیز اور ناظرین کی دلچسپی

سیریز 8 جنوری 2026 کو نیٹ فلکس پر ریلیز کی گئی اور اسے ایک مکمل سسپنس، جرم اور ڈرامہ سے بھرپور محدود سیریز کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

کہانی کی گہرائی اور مسلسل بڑھتا ہوا تجسس ناظرین کو ہر قسط کے بعد اگلی قسط دیکھنے پر مجبور کرتا ہے۔

سیریز کو ناظرین اور ناقدین کی جانب سے ملے جلے ردِعمل کا سامنا رہا ہے۔ کچھ ناقدین نے اسے ایک پُرکشش، ذہن کو الجھا دینے والا معمہ قرار دیا جبکہ بعض کا خیال ہے کہ کہانی بعض مقامات پر سست روی اور کمزور رفتار کا شکار ہو جاتی ہے۔

تاہم سیریز کے اختتام پر آنے والا حیران کن موڑ (شاکنگ ٹوئسٹ) زیادہ تر ناظرین اور ناقدین کے نزدیک اس کہانی کا سب سے طاقتور اور یادگار پہلو ثابت ہوا ہے۔

Related Posts