پاکستانی شہریت چھوڑنے کی شرط ختم! جرمنی میں مقیم پاکستانیوں کے لیے بڑا سرپرائز

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ ٖفائل)

پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوہری شہریت کے حوالے سے اہم اور تاریخی فیصلہ سامنے آ گیا ہے جس کے تحت اب جرمنی میں رہائش پذیر پاکستانی شہری اپنی پاکستانی شہریت برقرار رکھتے ہوئے جرمن شہریت بھی حاصل کر سکیں گے۔

یہ اعلان پاکستانی سفارتخانہ برلن کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹس کے ذریعے کیا گیا جس میں بتایا گیاہے کہ جرمنی کو ان ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے جن کے ساتھ پاکستان دوہری شہریت کی اجازت دیتا ہے۔ اس فیصلے کے بعد جرمنی میں مقیم پاکستانی نژاد افراد کو جرمن شہریت کے حصول کے لیے اپنی پاکستانی شناخت ترک کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

کیا تبدیلی آئی ہے؟

اس سے قبل جرمن شہریت حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانیوں کو پاکستانی شہریت چھوڑنا قانونی طور پر لازم تھا تاہم اب یہ شرط ختم کر دی گئی ہے۔ نئے فیصلے کے تحت اہل افراد ایک ساتھ پاکستان اور جرمنی دونوں کی شہریت رکھ سکیں گے بشرطیکہ وہ جرمن شہریت کے لیے جرمنی کے قوانین اور شرائط پر پورا اترتے ہوں۔

سابق پاکستانی شہریوں کے لیے بھی سہولت متوقع

سفارتخانے کے اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وہ پاکستانی شہری جنہوں نے ماضی میں جرمن شہریت حاصل کرنے کے لیے اپنی پاکستانی شہریت ترک کر دی تھی ان کے لیے پاکستانی شہریت دوبارہ حاصل کرنے کے طریقہ کار سے متعلق رہنما اصول جلد جاری کیے جائیں گے۔

پاکستان کی دوہری شہریت پالیسی

واضح رہے کہ پاکستان پہلے ہی چند ممالک کے ساتھ دوہری شہریت کی اجازت دیتا ہے جن میں برطانیہ، امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا، ناروے اور دیگر ممالک شامل ہیں۔ اب جرمنی کی شمولیت سے یورپ میں مقیم بڑی پاکستانی کمیونٹی کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔

ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ نہ صرف پاکستانی تارکینِ وطن کو اپنی قومی شناخت برقرار رکھنے میں مدد دے گا بلکہ جرمنی میں ان کے قانونی حقوق، سفری سہولت اور طویل مدتی استحکام کو بھی مزید مضبوط بنائے گا۔

Related Posts