عالمی عدالتِ انصاف میں اسرائیل کے خلاف مقدمے میں ترکیہ نے فریق بننے کی درخواست دائر کردی ہے۔ متعدد ممالک پہلے ہی مقدمے میں فریق بننے کیلئے درخواست دے چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترکیہ نے عالمی عدالتِ انصاف میں اسرائیل کے خلاف غزہ میں قتلِ عام روکنے کا مطالبہ کرنے والے مقدمے میں فریق بننے کیلئے درخواست دائر کی۔ ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کردیا۔
بیان کے مطابق ہالینڈ میں ترکیہ کے سفیر نے ترک قانون سازوں کے ایک گروپ کے ہمراہ دی ہیگ میں عالمی عدالتِ انصاف میں اسرائیل کے خلاف دائر مقدمے میں شمولیت کی درخواست جمع کروائی جبکہ ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے اسرائیل کے اقدامات کی مذمت کی۔

ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ اپنے بین الاقوامی جرائم میں استثنیٰ کے باعث اسرائیل کے حوصلے پہلے سے بلند ہیں اور وہ ہر روز زیادہ سے زیادہ معصوم فلسطینیوں کا قتلِ عام کررہا ہے۔ عالمی برادری کو چاہئے کہ قتلِ عام رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہا کہ “وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل اور اس کے حامیوں پر دباؤ ڈالے۔ ترکیہ اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔ ” خیال رہے کہ فلسطین، لیبیا، نکاراگوا، کولمبیا اور اسپین نے مقدمے میں فریق بننے کیلئے پہلے ہی درخواستیں دے دی تھیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








