معروف اسٹیج اور ٹی وی اداکار انور علی طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے

تازہ ترین

تازہ ترین

TV, stage actor Anwar Ali passes away after prolonged illness
ONLINE

لاہور: پاکستان کے مشہور اسٹیج اور ٹیلی وژن کے اداکار و مزاحیہ فنکار انور علی پیر کے روز طویل علالت کے بعد 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے،ان کے انتقال کی تصدیق اہل خانہ نے کی۔

انور علی پھیپھڑوں اور گردوں کی پیچیدہ بیماریوں میں مبتلا تھے اور گزشتہ کئی ماہ سے ان کی طبیعت ناساز تھی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق اتوار کے روز طبیعت مزید بگڑنے پر انہیں لاہور کے ایک مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں کی بھرپور کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انور علی کئی برسوں سے فالج اور دل کی بیماری کے باعث بھی مشکلات کا شکار رہے۔ چند ہفتے قبل انہیں ایک نجی اسپتال میں زیر علاج رکھا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی حالت کو نازک قرار دیا تھا۔

انور علی پاکستان کے اسٹیج اور ٹی وی کے نمایاں مزاحیہ فنکاروں میں شمار ہوتے تھے۔ اپنی حاضر جوابی، منفرد انداز اور شاندار اداکاری کے ذریعے انہوں نے لاکھوں ناظرین کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیری۔ ان کے یادگار اسٹیج ڈرامے اور ٹی وی پروگرام آج بھی شائقین کو محظوظ کرتے ہیں۔

گزشتہ ماہ مزاحیہ اداکار ناصر چنیوٹی نے عوام سے انور علی کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی تھی۔ مداحوں کی جانب سے بھی ان کے حق میں نیک تمناؤں اور دعاؤں کا سلسلہ جاری رہا تاہم قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔

انور علی کے انتقال پر اسٹیج اور ٹی وی انڈسٹری کے فنکاروں اور مداحوں کی بڑی تعداد نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انور علی کی فنکارانہ خدمات اور قیمتی یادیں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔

Related Posts