کراچی میں 2 کمسن بھائیوں کی تشدد زدہ لاشیں بند کلینک سے برآمد ہوئی ہیں، سندھ پولیس نے اتائی ڈاکٹر کو گرفتار کرلیا ہے جو دونوں بچوں کے قتل میں ملوث ہے۔
تفصیلات کے مطابق اتائی ڈاکٹر نے 8سالہ حسن اور 10سالہ احمد کو کراچی کے علاقے مچھر کالونی سے اغوا کیا۔ پڑوسی کا کہنا ہے کہ بچے صبح سے اتائی ڈاکٹر عبدالکریم کے کلینک پر تھے۔ بچوں کی بہن دوپہر کو بھائیوں کو لینے پہنچ گئی۔
اتائی ڈاکٹر نے بچوں کی بہن سے کہا کہ بچے جاچکے ہیں۔ ملزم عبدالکریم مقتول بچوں کے والد کے ساتھ بچوں کو ڈھونڈنے کا ڈرامہ بھی کرتا رہا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے بچوں کو لسی میں نیند کی گولیاں ملا کر پلا دی تھیں۔
پولیس نے واقعے میں ملوث عبدالکریم نامی شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔ مچھر کالونی میں واقع کلینک کا اتائی ڈاکٹر کراچی کے علاقے کورنگی کا رہائشی ہے، جس نے بچوں کے ہاتھ پاؤں باندھ کر لاشیں الماری میں چھپائیں۔
واقعے کے بعد پولیس نے تفتیش کی تو اتائی ڈاکٹر نے سچ اگل دیا۔ ملزم کی نشاندہی پر بچوں کی لاشیں عبدالکریم کے کلینک سے برآمد کی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کے قتل کی وجوہات پر تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








