بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے بابری میں پیر کی رات دہشت گردوں کے ایک چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں دو لیویز اہلکار شہید ہو گئے۔
حکام کے مطابق، حملے کے بعد دہشت گردشہید اہلکاروں کا اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے گئے، اسسٹنٹ کمشنر مستونگ کے مطابق، علاقے کو بند کر دیا گیا ہے، اور حملہ آوروں کی تلاش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید اہلکاروں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے حملہ آوروں کو پکڑنے کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
دریں اثناء وزیر اعظم شہباز شریف نے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قوم ملک کے دفاع پر اپنی سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لیویز اہلکاروں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت بھی کیا۔
وزیر اعظم شہباز نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کا مورال بلند ہے۔
ایک الگ بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بھی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دو اہلکاروں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں:کراچی، کے پی او پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کا ہدف چوتھی منزل تھی
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات باعث تشویش ہیں کیونکہ ہمارا دشمن صوبے کے پرامن ماحول کو خراب کرنا چاہتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








