ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملے میں دو اہلکار شہید ہوگئے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق خودکش حملہ آور نے سیکورٹی فورسز کے قافلے سے گاڑی ٹکرا دی جس کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے میں دو اہلکار شہید ہوگئے۔ شہید فوجیوں کی شناخت نائب صوبیدار یاسر شکیل اور سپاہی طاہر نوید کے نام سے ہوئی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
قبل ازیں پنجگور میں فورسز کے آپریشن میں ایک بدنام زمانہ دہشت گرد مارا گیا، اور اس کے دو ساتھی زخمی ہوئے، سیکورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایک کامیاب آپریشن کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں چاکر لیاقت نامی بدنام زمانہ دہشت گرد مارا گیا، اس کے دو ساتھی زخمی ہوئے۔
کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ لیاقت دہشت گردی کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے پر مطلوب تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








