گوجرانوالہ میں پیش آنے والے ایک اور افسوسناک واقعے میں ایک 2سالہ بچہ کھلے سیوریج نالے میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔بچے کی ہلاکت کے باعث علاقے کی فضا سوگوار ہوگئی۔
پولیس کے مطابق یہ المناک واقعہ کامونکی کے علاقے عبداللہ روڈ پر پیش آیا، جہاں دو سالہ عبداللہ اپنے گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ پھسل کر سیوریج نالے میں جا گرا اور ڈوب گیا۔ بچے کو بچانے کی کوششیں کی گئیں، تاہم وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
اس سے قبل پاکپتن میں جٹھے والی پل کے قریب صفائی کے دوران تین سینیٹری ورکرز مین ہول میں گر گئے تھے، جس کے نتیجے میں ایک کارکن جاں بحق جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ افسوسناک طور پر واقعات غیر محفوظ نالوں اور کھلے مین ہولز کے خلاف عوامی غم و غصے کے باوجود بڑھ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل لاہور میں بھی ایک خاتون اور اس کا کمسن بچہ کھلے مین ہول میں گرنے سے جاں بحق ہو گئے تھے، جو غفلت کے مہلک نتائج اور فوری حفاظتی اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








