انسانیت کہاں ہے؟ کرایہ نہ دے پانے پر باپ نے بیوی اور معصوم بیٹی مالک مکان کے حوالے کر دی

تازہ ترین

تازہ ترین

تصویر بہ ذریعہ اے آئی

انڈیا کی ریاست گجرات کے ضلع موربی میں ایک نہایت افسوسناک اور انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں مالی تنگی کا شکار ایک مزدور نے مبینہ طور پر کرایہ ادا نہ کر سکنے کے باعث اپنی بیوی اور کمسن بیٹی کو مالک مکان کے حوالہ کردیا۔ اس لرزہ خیز واقعے نے انسانیت کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔

بھارتی پولیس حکام کے مطابق مکان کا کرایہ محض ایک سے ڈیڑھ ہزار روپے ماہانہ تھا، مگر مسلسل بے روزگاری اور آمدنی نہ ہونے کی وجہ سے کئی ماہ کا بقایا جمع ہو گیا تھا۔ اسی دباؤ میں آ کر سگے باپ نے مالک مکان کے ساتھ ایسا شرمناک اور مکروہ سمجھوتہ کیا جس کے تحت وہ اپنی بیوی اور نابالغ بیٹی کے ساتھ جنسی استحصال کی اجازت دیتا رہا۔

تحقیقات میں یہ سنگین انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ مالک مکان کے ساتھ اس کا ایک ساتھی بھی اس بھیانک جرم میں برابر کا شریک تھا۔ پولیس کو اس معاملے کی اطلاع متاثرہ خاتون کی والدہ یعنی کمسن بچی کی نانی سے ملی، جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر متحرک ہو کر تحقیقات کا آغاز کیا۔ دورانِ تفتیش متاثرہ بچی کا بیان بھی قلم بند کر لیا گیا ہے۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں بنیادی ملزمان پر زیادتی اور بچوں کے تحفظ سے متعلق سخت قوانین کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ اپنی ہی فیملی کا سودا کرنے والے باپ کو بھی اس جرم میں معاونت کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق کیس درج ہونے کے بعد باپ کو گزشتہ ماہ ہی گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ مالک مکان کو حال ہی میں حراست میں لیا گیا ہے۔

واقعے میں ملوث ایک تیسرا ملزم تاحال مفرور ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید باریک بینی سے چھان بین جاری ہے اور متاثرہ خاندان کو مکمل قانونی تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔

Related Posts