امریکا کی بلوچستان پر دہشت گرد حملوں کی مذمت، پاکستان سے اظہارِ یکجہتی

تازہ ترین

تازہ ترین

امریکا

امریکا  نے بلوچستان کے متعدد مقامات پر 31 جنوری کو کیے گئے دہشت گرد حملوں کی واشگاف الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے 31 جنوری کو بلوچستان میں سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کے خلاف دہشتگردانہ کارروائیوں کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کرلی ہے۔

پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے نٹالی بیکر نے کہا کہ بی ایل اے کو امریکا نے ایک غیر ملکی دہشتگرد تنظیم قرار دیا ہے۔ امریکا دہشتگردی کے متاثرین، ان کے خاندانوں اور تمام متاثرہ افراد کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔

امریکی ناظم الامور نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو تشدد اور خوف سے آزاد ہو کر اپنی زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔ امریکا پاکستان کے امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے مضبوط اور ثابت قدم شراکت دار ہے۔ ہم اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز دہشت گردوں نے بلوچستان کو مختلف مقامات پر شدید حملوں کا نشانہ بنایا، جس کے دوران سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 133 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، اس دوران پولیس اور فورسز سے تعلق رکھنے والے 15جوان اور 18 شہری بھی شہید ہوگئے تھے۔

Related Posts