واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا چیئرمین تحریک انصاف اور سابق پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے خلاف کسی سازش میں ملوث نہیں۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے پریس کانفرنس میں کہاکہ پاکستان کے حوالے سے امریکا پر لگائے جانے والے الزامات جھوٹے ہیں اور جھوٹے رہیں گے۔
صحافی کی جانب سے ترجمان امریکی محکمہ خارجہ سے سوال کیا گیا کہ خفیہ کیبل سے متعلق خبر آئی ہے کہ امریکا نے چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو ہٹانے کے لیے پاکستان پر دباؤ ڈالا۔
تاہم ترجمان نے مبینہ کیبل پر تبصرے کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سفارت کاروں کے ساتھ ہونے والی نجی گفتگو پر بات نہیں کرسکتے۔
غیر ملکی صحافی نے ترجمان امریکی محکمہ خارجہ سوال کیا کہ آپ کا مطلب یہ ہے کہ امریکا نے یہ نہیں کہا کہ عمران خان کو جانا چاہیے؟ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ قریب قریب یہی مطلب ہے۔
عمران خان سے وزارتِ عظمیٰ چھیننے کیلئے دباؤ ڈالا گیا، سائفر کا متن منظرِ عام پرآگیا
انہوں نے کہا کہ سامنے آنے والی دستاویزات بھی ثابت نہیں کرتیں کہ امریکا نے کسی پاکستانی رہنما کا انتخاب کیا یا نہیں۔ہم نے سابق وزیر اعظم پاکستان کے دورہ روس پر تشویش کا اظہار کیا تھا، سابق وزیر اعظم پاکستان نے روس کے یوکرین پر حملے والے دن دورہ کیا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی متعلقہ جمہوری اصولوں، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کا مطالبہ کرتے ہیں، پاکستانی حکومت کے ساتھ براہ راست بات چیت جاری رکھیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








