واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے ایران میں جاری مظاہروں میں شامل افراد کے خلاف حکومت کے مبینہ کریک ڈاؤن کے خلاف تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایرانی خواتین کے ساتھ کھڑا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ایوانِ صدر (وائٹ ہاؤس) کی جانب سے امریکی صدر کا بیان جاری کردیا گیا۔ صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ ایران میں مظاہروں میں شامل خواتین کے خلاف کریک ڈاؤن کی اطلاعات تشویشناک ہیں۔
ایران میں مہسا امینی کی موت کیخلاف مظاہرے، 133افراد ہلاک
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق صدر جو بائیڈن نے کہا کہ مجھے کریک ڈاؤن کے باعث مظاہرین کی فکر لاحق ہے۔ امریکا ایرانی حکام کو ذمہ دار ٹھہرائے گا اور عوام کے آزدانہ احتجاج کے حق کی حمایت کرتا رہے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ایرانی دارالحکومت تہران سمیت مختلف شہروں میں نوجوان لڑکی مہسا امینی کی موت کے خلاف پر تشدد احتجاجی مظاہرے شدت اختیار کر گئے۔ مختلف واقعات کے نتیجے میں 133 افراد ہلاک ہوگئے۔
ایرانی پولیس کی حراست میں جواں سال مہسا امینی کی ہلاکت کے خلاف ایران سمیت دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ تہران اور مشہد سمیت کئی شہروں میں مظاہرین نے حکومت مخالف نعرے لگائے اور پرتشدد واقعات بھی رونما ہوئے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








