واشنگٹن: امریکا میں نئی حکومت نے بھی کوروناوائرس کے پھیلاؤ سے متعلق عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے چین سے شروع ہونیوالے وائرس کی عالمی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔
ترجمان وائٹ ہاؤس جین ساکی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کہاں سے نمودارہوااور دنیا بھر میں کیسے پھیلا حقائق جاننا ضروری ہیں،چین سے شروع ہونیوالےکوروناوائرس کی عالمی سطح پرپائیدار اور شفاف تحقیقات چاہتے ہیں۔
جین ساکی کے مطابق نئی انتظامیہ کی جانب سے یہ معمول کی کارروائی ہے، وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ پر انحصارنہیں کیا جائے گا، حقائق جاننے کیلئے بائیڈن انتظامیہ اپنے تئیں تمام وسائل بروئے کار لانے کیلئے پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وباء کے حوالے سے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی چین پر سنگین الزامات لگاتے رہے ہیں اور کورونا کو چائنہ وائرس بھی کہتے رہےہیں جبکہ اب امریکا میں نئی حکومت کے قیام کے بعد بائیڈن انتظامیہ نے بھی چین سے نمودار ہونیوالے وائرس کی تحقیقات کا معاملہ اٹھادیا ہے۔
یاد رہے کہ عالمی کورونا وباء سے اب تک پوری دنیا میں 10کروڑ کے قریب افراد متاثر جبکہ 22 لاکھ کے قریب لوگ اپنی زندگیاں گنوا چکے ہیں تاہم اب دنیا کے کئی ممالک میں کورونا ویکسین کا بھی آغاز ہوچکا ہے۔