کراچی :پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ نے چڑیا گھروں میں جانوروں کی نمائش پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیاہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں اداکارہ نے کراچی کے چڑیا گھر میں ریچھ کے بچے کی ایک ویڈیو شیئر کی جو انتہائی خراب حالت میں دکھائی دے رہا تھا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پہلی دو ویڈیوز میں چڑیا گھر میں موجود ریچھ گرمی سے مر رہا ہے لیکن دوسری اورتیسری تصویر میں ایک اور ریچھ تازہ اور صحت مند نظر آرہا ہے کیونکہ وہ اپنے فطری ماحول میں رہ رہا ہے۔
اشنا شاہ نے اپنے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ چڑیا گھروں میں جانوروں کو پالنے کے خلاف آواز اٹھائیں اور ایسی جگہوں کی بندش کے لئے مقامی حکومتوں سے رجوع کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ جانوروں کی نمائش ان کے ساتھ ناانصافی ہے اور بے زبان جانوروں پر ظلم ہے، جب آپ زو جاتے ہیں تو آپ ان کی تکلیف کا حصہ بنتے ہیں۔
اشنا شاہ کا کہنا ہے کہ چڑیا گھر ایک ایسی جیل ہے جہاں بے گناہ جانوروں کو قید کردیا جاتا ہے، انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ چڑیا گھروں کو بند کرکے بے زبان جانوروں پر ظلم بند کیا جائے۔