ڈرامہ سیریل ہم کہاں کے سچے تھے میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے معروف فنکار عثمان مختار نے کہا ہے کہ میری شادی کی تقریب میں کورونا ایس او پیز کی سخت پابندی ہوگی جبکہ ہم نے نکاح میں بھی زیادہ لوگوں کو شرکت کی دعوت نہیں دی تھی، تاکہ وائرس نہ پھیل سکے۔
تفصیلات کے مطابق اپنی مردانہ وجاہت اور ورسٹائل اداکاری کے باعث مشہور فنکار عثمان مختار نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ میں جلد ہی شادی کر لوں گا تاہم کورونا کے باعث یہ یقین سے نہیں کہا جاسکتا کہ میری شادی میں بھرپور ہلا گلا ہوگا یا زیادہ لوگ شریک ہوسکیں گے۔
انٹرویو کے دوران اداکار عثمان مختار نے کہا کہ ہم کسی کی زندگی کو خطرے میں نہیں ڈال سکتے کیونکہ کورونا کی مختلف اقسام کے پھیلاؤ کی خبریں بھی سننے کو ملتی رہتی ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ میری شادی کی تقریب میں میرا پورا خاندان شریک ہوسکے جبکہ نکاح میں زیادہ لوگ شریک نہیں ہوسکے تھے۔
معروف اداکار عثمان مختار نے کہا کہ میں اپنے خاندان کے ہر فرد کو شادی میں شریک کرنا چاہتا ہوں۔ امید تو یہی ہے کہ شادی کی تقریب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہوگی تاہم تقریب کی تاریخ کا فیصلہ تاحال نہیں ہوسکا۔ اچھی بات یہ ہے کہ آپ کو وہ شریکِ حیات مل جائے جس کے ساتھ زندگی گزارنا اچھا لگے۔
پیشہ ورانہ محاذ پر عثمان مختار ماہرہ خان کے ہمراہ ڈرامہ سیریل ہم کہاں کے سچے تھے میں اسود کے کردار میں نظر آرہے ہیں جسے عمیرہ احمد نے تحریر کیا جبکہ ڈرامے کی ہدایات فاروق رند نے دی ہیں۔ کاسٹ میں کبریٰ خان بھی عثمان مختار اور ماہرہ کے ہمراہ مرکزی کردار میں جلوہ گر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایملی اِن پیرس 2 کی پہلی جھلک نے مداحوں کے دل جیت لیے
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








