عثمان طارق کا خوف؟ بھارتی کپتان نیٹس میں ایکشن کی نقل کرتے پکڑے گئے؛ ویڈیو دیکھیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کو آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج مقابلے سے قبل پریکٹس سیشن کے دوران پاکستانی اسپنر عثمان طارق کے بولنگ ایکشن کی نقل کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

بھارتی بیٹرز، مبصرین اور سابق کرکٹرز عثمان طارق کے خلاف خاصی احتیاط برتتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ٹورنامنٹ کی تیاریوں میں سب سے زیادہ زیرِ بحث موضوع یہی ہے کہ عثمان طارق کا سامنا کیسے کیا جائے؟ کولمبو میں بھارتی ٹیم کے نیٹ سیشنز کے دوران یہ تشویش واضح طور پر نظر آئی جہاں بولرز کو ہدایت دی گئی کہ وہ عثمان کے منفرد ایکشن کی نقل کریں تاکہ بیٹرز کو اسی طرز کی گیندوں کا بار بار سامنا کروایا جا سکے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں سوریا کمار یادیو کو نیٹس میں عثمان طارق کے مخصوص انداز کی نقل کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی اور مداحوں نے اس پر ملا جلا ردعمل دیا۔ بعض صارفین کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم پاکستانی اسپنر کے خلاف غیر معمولی تیاری کر رہی ہے کیونکہ انہیں پہلی بار انٹرنیشنل سطح پر اس بولر کا سامنا کرنا ہے۔

میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سوریا کمار یادیو نے عثمان طارق کے غیر روایتی ایکشن سے متعلق سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر امتحان میں نصاب سے ہٹ کر سوال آ جائے تو اسے حل کرنا پڑتا ہے، چھوڑا نہیں جا سکتا۔ وہ ایک مختلف انداز کے بولر ہیں لیکن ہم ہمت نہیں ہاریں گے۔ ہم نے بھرپور پریکٹس کی ہے اور پوری ٹیم پرجوش ہے۔

واضح رہے کہ عثمان طارق منفرد بولنگ انداز کی وجہ سے مسلسل توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ ان کے مخصوص ایکشن نے کئی بیٹرز کو مشکلات سے دوچار کیا ہے۔ یہ قد آور آف اسپنر ٹورنامنٹ میں اب تک عمدہ کارکردگی دکھا چکے ہیں اور دو میچوں میں پانچ وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ مجموعی طور پر وہ چار ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں 11 وکٹیں لے چکے ہیں، جہاں ان کی اوسط 7.90 اور اکانومی ریٹ 5.93 ہے، جو ان کی مؤثر بولنگ کا ثبوت ہے۔

Related Posts