بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی آنکھوں کے علاج سے متعلق پیش رفت سامنے آگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال کی ایمبولینس طبی عملے اور ضروری آلات کے ساتھ اڈیالہ جیل پہنچ گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایمبولینس جیل کے گیٹ نمبر 5 سے اندر داخل ہوئی جبکہ اطراف میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ جیل کے باہر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے اور داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایمبولینس میں آنکھوں کے معائنے کے لیے خصوصی طبی آلات موجود ہیں، جبکہ وفاقی حکومت کی ہدایت پر قائم کیے گئے میڈیکل بورڈ کے ارکان بھی موقع پر پہنچ رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پہلے عمران خان کا تفصیلی معائنہ کیا جائے گا جس کے بعد یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا انہیں کسی اسپتال منتقل کرنے کی ضرورت ہے یا نہیں۔
حکومت نے ان کے طبی معائنے کے لیے الشفاء آئی اسپتال کے دو ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا تاکہ آنکھوں کی تکلیف کا جامع جائزہ لیا جا سکے۔مزید پیش رفت میڈیکل بورڈ کی ابتدائی رپورٹ کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا گیا تھا اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اپوزیشن جماعتوں نے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ اگر انہیں علاج کیلئے منتقل نہ کیا گیا تو پارلیمنٹ ہاؤس میں احتجاج کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








