ویڈیو: پاکستان بن گیا، اب چھاتی کیوں پیٹ رہے ہو؟ بی جے پی رہنما کی مسلمان مینیجر سے ہرزہ سرائی

تازہ ترین

تازہ ترین

بی جے پی
(فوٹو: آن لائن)

بھارت کی حکمراں سیاسی جماعت بی جے پی کی خاتون رہنما نے مسلمان منیجر سے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تو بن گیا، اب چھاتی کیوں پیٹ رہے ہو؟ کیا یہاں اسلامی شریعت نافذ کرنی ہے؟ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق بی جے پی کی اقلیتی رہنما نازیہ خان نے ممبئی کے علاقے اندھیری میں لینز کارٹ کے ایک آؤٹ لیٹ کا دورہ کیا اور اس دوران پاکستان مخالف جذبات اور مذہبی منافرت پر مبنی جملے کہے۔ خاتون رہنما نے خود بھی تلک لگایا، ہندو عملے کو بلا بلا کر لگوایا اور نعرے بازی بھی کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بی جے پی رہنما اسٹور کے عملے اور منیجر محسن خان سے سخت انداز میں سوال کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ کمپنی ہندو ملازمین کو تلک، کلاوا اور دیگر مذہبی علامات کے استعمال سے روک رہی ہے۔

بی جے پی رہنما نے دعویٰ کیا کہ مسلمان منیجر اس لیے رکھا گیا تاکہ ہندو مذہبی روایات کو نشانہ بنایاجاسکے۔ مسلمان منیجر نے کہا کہ یہاں ہر کوئی اپنے مذہب پر عمل کرسکتا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے بی جے پی رہنما کے طرزِ عمل پر واشگاف الفاظ میں نکتہ چینی کی۔ ایک صارف نے اسے کھلی ہراسانی قرار دیتے ہوئے لینس کارٹ کو شکایت درج کرانے کا مشورہ دیا۔

دیگر سوشل میڈیا صارفین نے بھی اس واقعے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر نکتہ چینی کی۔ ایک اور سوشل میڈیا صارف نے کہا کہ اگر غریب طبقے کا ملازم مسلمان ہو تو بھارت میں اسے ہراساں کرنا اور دھمکانا آسان ہوجاتا ہے۔

ایک پاکستانی صارف نے بھارت میں مسلمانوں کی حالت زار پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب میں بھارت میں اس قسم کی ویڈیوز دیکھوں تو میں اللہ تعالیٰ اور پاکستان بنانے والے قائد اعظم محمد علی جناح کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

 

Related Posts