بھارت، نماز پڑھتے ہوئے مسلمانوں پر پولیس کے تشدد کی ویڈیو وائرل

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو: اسکرین گریب، سلام ٹی وی)

نئی دہلی: بھارت میں نماز پڑھتے ہوئے مسلمانوں کے ساتھ پولیس افسر کی بدسلوکی اور تشدد کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر کو معطل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں اندر لوک کے علاقے میں نماز پڑھنے والے مسلمانوں کے ساتھ بدسلوکی ہوئی۔ دہلی پولیس کے سب انسپکٹر کی جانب سے جمعہ کے روز نمازیوں پر تشدد کی ویڈیو سامنے آنے پر بھارتی پولیس حرکت میں آگئی۔

واقعے میں ملوث ایس آئی کی ویڈیو سامنے آنے پر سب انسپکٹر کو معطل کیا گیا ہے۔ جمعہ کے روز بڑی تعداد میں مسلمان نماز کی ادائیگی کیلئے پہنچے تو مسجد میں جگہ نہ ملنے کے باعث سڑک پر نماز ادا کرنے لگے جسے دیکھ کر ایس آئی نے نمازیوں کو لات مار کر بھگانے کی کوشش کی۔

بھارتی میڈیا (نیوز 18) کا کہنا ہے کہ اندر لوک میں پیش آنے والے واقعے پر ڈی سی پی منوج کمار مینا نے بتایا کہ ایس آئی کے خلاف کارروائی اور پوسٹ انچارج کو فوری طور پر معطل کیا گیا ہے۔ ٹریفک کھل جانے کے بعد صورتحال معمول کے مطابق ہوچکی ہے۔

دوپہر کے وقت پیش آنے والے واقعے میں نمازیوں کے سڑک پر نماز پڑھنے کے باعث سڑک پر ٹریفک جام ہوئی اور مقامی پولیس کے ساتھ واقعے کا ذمہ دار ایس آئی بھی جائے وقوعہ پر پہنچا۔ ایس آئی نے نماز پڑھنے والوں کو لات مار کر ہٹایا اور کچھ لوگوں کو زبردستی گھسیٹا۔

بدسلوکی کا واقعہ سامنے آنے پر کچھ لوگوں نے واقعے کی ویڈیو بنائی جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔ واقعے میں ملوث ایس آئی کی بدسلوکی پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے اور میٹرو اسٹیشن کے نیچے بھیڑ لگ گئی۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Related Posts