نئے سال 2026 کا استقبال، کس ملک نے کس انداز میں جشن منایا؟ دیکھئے ویڈیوز

تازہ ترین

تازہ ترین

نئے سال کی آمد
(فوٹو: آن لائن)

گزشتہ سال کی آخری شب 31دسمبر کو 12 بجتے ہی نئے سال 2026 کا استقبال کیا گیا اور دنیا بھر میں آتش بازی کے شاندار مظاہرے کے ساتھ نئے سال کو خوش آمدید کہا گیا جس میں خوشی، امید اور روشن مستقبل کی خواہشوں کو مرکزیت حاصل ہے۔

عوام کی بڑی تعداد نے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں ان تقریبات کو براہِ راست دیکھا اور عوام نے ان یادگار لمحات میں کچھ ممالک کی تقریبات کو خاص طور پر اہمیت دی۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں نئے سال کی آمد کا یہ جشن آج بھی محفوظ ہے۔

سب سے پہلے نیوزی لینڈ میں سال 2026 کے آغاز پر آکلینڈ کے مشہور اسکائی ٹاور سے شاندار آتشبازی کے مظاہرے نے عوام کے دل موہ لیے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ آسمان مختلف رنگوں سے مزین ہوگیا اور پورے شہر میں رنگوں کی برسات ہوتی نظر آئی۔

متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں دنیا کی اب تک بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر شاندار آتش بازی ہوئی۔ دبئی کے رہائشی اور دنیا بھر کے ناظرین نے یہ نظارہ اپنی ٹی وی اور کمپیوٹر اسکرینز پر دیکھا اور اس کا لطف اٹھایا۔

سڈنی میں آسٹریلیا نے روایتی آتشبازی کے مظاہرے کے ساتھ سال 2026 کو خوش آمدید کہا۔ سڈنی ہاربر برج اور اوپیرا ہاؤس سے آتش بازی کے شاندار مظاہرے کے ساتھ ہی پوری بندرگاہ روشنیوں سے جگمگا اٹھی۔ عوام نے ہزاروں کی تعداد میں جمع ہو کر نئے سال کا جشن منایا۔

برازیل کے ریوڈی جنیرو میں کوپاکابانا ساحل پر بھی آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ نئے سال کو خوش آمدید کہنے والے لاکھوں افراد نے یہ نظارہ براہِ راست اور اپنے ٹی وی کی اسکرینز پر لائیو بھی دیکھا، جو سوشل میڈیا صارفین کیلئے بھی محفوظ کرلیا گیا۔

اسی طرح بگ بین کی تاریخی گھنٹیوں نے گونج کر سال 2026 کا برطانیہ میں آغاز کیا۔ دریائے ٹیمز کے اوپر ہونے والی آتش بازی کے مناظر ہزاروں افراد کی توجہ اپنی جانب مرکوز کرنے میں کامیاب رہے۔ بگ بین کی موجودگی نے تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔

ماسکو کے ریڈ اسکوائر اور ہانگ کانگ کے وکٹوریہ ہاربر کے علاوہ کوالالمپور، اسٹاک ہوم، تائے پے، نیو یارک، قطر، برلن، تھائی لینڈ اور چین کے متعدد شہروں میں بھی بڑے پیمانے پر آتش بازی ہوئی۔ عوام کی بڑی تعداد نے یہ آتش بازی براہِ راست اور ٹی وی اسکرینز پر دیکھی۔

جنوبی کوریا میں بھی روایتی کانسی کے گھنٹے بجا کر نئے سال 2026 کو شروع کیا گیا۔ جس میں ڈرم کی تھاپ پر نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے ساتھ ساتھ تائی پے ٹاور پر شاندار آتش بازی ہوئی۔ ہانگ کانگ میں بھی دلکش لائٹ شو نے سماں باندھ دیا۔

Related Posts