ملک بھر میں سردی کا موسم جاری ہے، جبکہ اس دوران سردی کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد سندھ بھر کے سرکاری و نجی اسکولز کھل گئے اور بچوں کی تعلیم و تربیت شروع کردی گئی۔
سندھ کے دیگر شہروں کی طرح عمر کوٹ میں بھی سرکاری و نجی اسکولز کھل گئے، سردی کی شدت میں اضافے کے باعث اسکولوں میں حاضر طلبہ کی تعداد معمول کے مقابلے میں کم ہے۔
سردی کے باعث مختلف اسکولز میں والدین سے بچوں کو اسکول بھیجتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور بچوں کو سردی کے لحاظ سے مناسب کپڑے پہنا کر بھیجنے کی اپیل کی گئی ہے۔
اس سے قبل ترجمان محکمہ تعلیم نے صوبے بھر میں موسم سرما کی تعطیلات 22 سے 31دسمبر تک ہونے کا اعلان کیا تھا جبکہ تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو آج سے معمول کے مطابق کام جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کراچی میں موسمِ سرما کی پہلی بارش کے نتیجے میں سردی کی شدت میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ 28 دسمبر سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں کو متأثر کرے گا، منگل سے بدھ کے درمیان مغربی ہواؤں کا سسٹم اثر انداز ہوگا۔
کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں دن کے وقت موسم خشک جبکہ رات کو خنک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سردی کی شدت میں اضافے کے باعث والدین بچوں کو اسکول بھیجتے وقت گرم کپڑے پہنانے پر مجبور ہوگئے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








