کراچی میں مبینہ توہین صحابہ کے معاملے پر نجی موبائل کمپنی کیخلاف احتجاج، شدید ہنگامہ آرائی

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی میں مبینہ توہین صحابہ کے معاملے پر نجی موبائل کمپنی کے خلاف عوام سڑکوں پر آگئے۔ مشتعل افراد نے صدر موبائل مارکیٹ کے اطراف موبائل کمپنی کے بورڈز اکھاڑ دیے۔ عوام نے شدید ہنگامہ آرائی بھی کی۔

تھانہ پریڈی اسٹریٹ کے مطابق آج (بروز جمعہ) صبح کے وقت ایس ایچ او پریڈی صدر کی موبائل مارکیٹ میں ہنگامہ آرائی کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ جس پر پولیس فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچی۔ترجمان ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی کی وجہ اسٹار سٹی مال پر موبائل کمپنی کی ایک ایسی ڈیوائس کی تنصیب تھی، جس پر چلنے والے کلمات توہین صحابہ پر مشتمل تھے۔

ترجمان پولیس کے مطابق معاملے کی حساسیت کو جانتے ہوئے ایس ایچ او پریڈی نے موقع پر پہنچ کر تمام وائی فائی ڈیوائس بند کروادیے اور شک کی بنیاد پر ایک نجی کمپنی کے افس اسٹاف سمیت 27 افراد کو حراست میں لیا۔

ترجمان ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی انکوائری کے لئے ایس پی صدر کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ جو بھی لوگ اصحاب نبی کی توہین کے مرتکب ہوئے انکے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

دوسری طرف واقعے کے خلاف شہر کے دیگر مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہوئے، مشتعل عوام نے ٹائر جلا کر اور ٹریفک روک کر شدید احتجاج کیا اور مبینہ توہین صحابہ کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ نجی موبائل کمپنی کے خلاف عوام تا حال سراپا احتجاج ہیں لیکن تاحال کمپنی کی جانب سے کوئی وضاحت یا موقف جاری نہیں کیا گیا ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شہر میں جہاں بھی مذکورہ موبائل کمپنی کے اشتہاری بورڈ ہوں گے، وہاں ہنگامہ آرائی کا خطرہ ہے۔

Related Posts