لودھراں: ملک بھر میں الیکشن 2024 میں دھاندلی کے الزامات کے بعد مختلف حلقوں میں دوباوہ ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ این اے 154 لودھراں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی آج ہوگی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 154 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عبدالرحمن کانجو کی درخواست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا۔
ریٹرننگ افسر کے مطابق دوبارہ گنتی آج صبح 11 بجے اسپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگی۔
سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار رانا فراز نے 134937 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ مسلم لیگ (ن) کے عبدالرحمان کانجو 128438 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن، پی پی پی اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے قومی اسمبلی میں اہم کامیابی حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم ملکر وفاق میں حکومت بنانے جارہے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے آزاد امیدواروں نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
یاد رہے کہ صدر مملکت کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس تاحال طلب نہیں کیا جاسکا تاہم غالب امکان ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 29 فروری کو بلایا جاسکتا ہے جس میں ارکان حلف اٹھائیں گے جبکہ وزیراعظم کا انتخاب مارچ کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








