ویڈیو: سوئی میں وڈیرہ نور علی چاکرانی نے 100سے زائد ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال دئیے

تازہ ترین

تازہ ترین

وڈیرہ نور علی چاکرانی
(فوٹو: آن لائن)

صوبہ بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں سوئی کے مقام پر پاکستان ہاؤس میں بلوچ ریپلکن آرمی (براہمداغ بگٹنی گروہ) کے بڑے کمانڈر وڈیرہ نور علی چاکرانی نے 100 سے زائد ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال دئیے ہیں۔واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق وڈیرہ نور علی چاکرانی نے میر آفتاب بگٹی کی موجودگی میں ساتھیوں سمیت ریاست کے سامنے سرنڈر کردیا۔ اس موقعے پر تمام افراد سے ریاستِ پاکستان کے ساتھ وفاداری کا حلف بھی لیا گیا جبکہ اس موقعے پر موجود حکام نے ہتھیار ڈالنے کے فیصلے کو انتہائی حوصلہ افزا قرار دیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف ریاست اور قومی اداروں پر اظہارِ اعتماد ہے بلکہ وطن سے محبت، قیام امن اور ڈیرہ بگٹی میں تعمیر و ترقی کے عزم کی واضح علامت بھی ہے۔ ریاست کی آغوش میں واپسی کا فیصلہ ڈیرہ بگٹی کے ہر گھرانے کیلئے امید کی کسی نئی کرن سے کم نہیں۔

اس موقعے پر پہاڑوں میں موجود دیگر فراریوں سے بھی ہتھیار ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے ہدایت دی گئی کہ وہ واپس قومی دھارے کا حصہ بن جائیں جبکہ ان کے بچوں اور آنے والی نسلوں کا مستقبل قیام امن سے منسلک ہے، نہ کہ تصادم اور بے یقینی سے، جبکہ اصل وقار اور عزت جنگ اور مزاحمت میں نہیں بلکہ امن اور اتحاد میں ہے۔

وقت آگیا ہے کہ ڈیرہ بگٹی کے لوگ مل کر ایک محفوظ، خوشحال اور ترقی یافتہ مستقبل کی بنیاد رکھیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈیرہ بگٹی اس وقت ہی حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا، جب اس کے تمام باشندے اتحاد و یگانگت کے ساتھ امن کا پرچم بلند کردیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سمیت دیگر شخصیات نے بھی اس اقدام کا خیر مقدم کیا۔

Related Posts