پاکستان کی سستی ترین ایئرلائن فلائی جناح نے لاہور اور دبئی کے درمیان براہِ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔اس نئی پرواز کا شیڈول ہفتے میں دو دن ہوگا۔ یہ پروازیں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک چلیں گی۔
ابتدائی پرواز کے موقع پر لاہور ایئرپورٹ پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت فلائی جناح کے سی ای او ارمان یحییٰ نے کی۔ تقریب میں ایئرپورٹ کے منیجر محمد عرفان، ڈپٹی چیف سیکیورٹی آفیسر تسلیم علی اظہر اور دیگر اہلکار و ایئرلائن کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ارمان یحییٰ نے کیک کاٹا اور ایئرلائن کے کم خرچ اور معیاری سفر فراہم کرنے کے وعدے کو اجاگر کیا۔
فلائی جناح نے اس سال پہلے بھی لاہور سے مسقط کے لیے نئی پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، جو یکم اپریل 2025 سے ہفتے میں تین دن چلیں گی۔ یہ پروازیں پاکستان اور عمان کے درمیان آسان اور سستی سفری سہولت فراہم کریں گی۔
فلائی جناح کے پاس فی الحال چھ جدید ایئر بس A320 طیارے ہیں جن میں کشادہ نشستیں، آن بورڈ مینو، مفت ان فلائٹ اسٹریمنگ اور وفادار مسافروں کے لیے فریکوئنٹ فلائیر پروگرام کی سہولت موجود ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








