پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو باعزت روزگار دینے اور ماحول دوست سفری سہولیات کو فروغ دینے کے لیے گرین ای ٹیکسی اسکیم 2025 کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ منصوبے کے تحت نوجوانوں کو الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیاں آسان اور بلا سود اقساط پر فراہم کی جائیں گی۔
ابتدائی مرحلہ
منصوبے کے پہلے فیز میں 1,100 ای-ٹیکسی گاڑیاں فراہم کی جائیں گی جن میں 30 فیصد کوٹہ خواتین کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ اس اسکیم میں ہونری وی سی 20 اور سی سی 30 ماڈلز شامل ہوں گے جو فی چارج 200 سے 300 کلومیٹر تک کی بیٹری رینج رکھتے ہیں۔
گاڑیوں کے استعمال کو آسان بنانے کے لیے لاہور میں ہر 5 سے 7 کلومیٹر کے فاصلے پر چارجنگ اسٹیشنز بھی نصب کیے جائیں گے۔
مالی معاونت
حکومت پنجاب کی جانب سے درخواست گزاروں کو 65 لاکھ روپے تک بلا سود قرض فراہم کیا جائے گا جبکہ انہیں صرف 18 سے 20 لاکھ روپے بطور ڈاؤن پیمنٹ دینا ہوگی جبکہ ماہانہ قسط تقریباً 55 سے 60 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ عوام کیلئے مزید سہولیات پر بھی غور جاری ہے۔
اہلیت کا معیار
درخواست دینے والے افراد کو درج ذیل شرائط پر پورا اترنا ہوگا:
پاکستانی شہری اور پنجاب کا ڈومیسائل رکھنے والے ہوں
عمر 21 سے 45 سال کے درمیان ہو
شناختی کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس کا حامل ہو
درج ذیل دستاویزات لازمی ہیں:
پاسپورٹ سائز تصویر
پتہ کا ثبوت (ڈومیسائل یا یوٹیلیٹی بل)
بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات
یہ اسکیم کم آمدنی والے افراد کے لیے مخصوص ہے۔ زیادہ آمدنی والے یا مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے افراد اس کے اہل نہیں ہوں گے۔ اگر کوئی شخص ایک سے زائد گاڑیاں لینا چاہے تو اسے این ٹی این یا کاروباری تفصیلات دینا ہوں گی۔
درخواست دینے کا طریقہ
درخواستیں صرف آن لائن موصول کی جائیں گی
رجسٹریشن کے لیے شناختی کارڈ اور موبائل نمبر درکار ہوگا
موبائل نمبر پر ایک ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) کے ذریعے تصدیق کی جائے گی
کامیاب درخواست گزاروں کو بینک کے ذریعے پراسیس مکمل کرنے کے بعد ٹیکسی کی ترسیل کا شیڈول فراہم کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








