پنجاب حکومت کی جانب سے ای بز پورٹل کے نام سے ایک جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم متعارف کروا دیا گیا ہے جس کا مقصد کاروبار کے آغاز اور اس سے متعلق تمام مراحل کو آسان، شفاف اور تیز بنانا ہے۔
حکام کے مطابق یہ پورٹل رجسٹریشن، لائسنس، سرٹیفکیٹس اور دیگر ضروری اجازت ناموں (RLCOs) کے مکمل عمل کو ایک ہی جگہ پر آن لائن فراہم کرتا ہے۔ اس میں لینڈ یوز کنورژن، نقشہ منظوری اور تعمیراتی اجازت جیسے اہم مراحل بھی شامل ہیں جو کسی بھی کاروبار کے قیام کے لیے لازمی ہوتے ہیں۔
ای بز پورٹل کی خاص بات اس کا سنگل ونڈو سسٹم ہے جس کے تحت درخواست گزار صرف ایک بار اپنی معلومات اور دستاویزات جمع کراتا ہے اور تمام متعلقہ فیس بھی آن لائن ادا کر سکتا ہے۔ اس کے بعد سسٹم خودکار طریقے سے متعلقہ محکموں کو درخواستیں ارسال کر دیتا ہے۔
پورٹل میں ذہین پراسیسنگ سسٹم بھی شامل ہے جو منتخب کاروبار کے مطابق تمام ضروری اجازت ناموں کی نشاندہی کرتا ہے جبکہ KML فائلز کے ذریعے زمین کے استعمال کی تصدیق کا فیچر فوری طور پر بتاتا ہے کہ مخصوص جگہ پر مطلوبہ کاروبار کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔
درخواست گزار اپنی درخواست کی پیش رفت کو ریئل ٹائم میں ٹریک کر سکتا ہے اور اسے ہر مرحلے پر نوٹیفکیشن اور اپ ڈیٹس بھی موصول ہوتی رہتی ہیں جس سے مکمل شفافیت یقینی بنتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس پورٹل کے ذریعے شہریوں کو دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی کیونکہ درخواست جمع کروانے سے لے کر منظوری تک تمام مراحل آن لائن مکمل ہوں گے۔ اس اقدام سے نہ صرف وقت اور اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور سرمایہ کاری میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
پورٹل تک رسائی کے لیے درج ذیل لنک استعمال کیا جا سکتا ہے:
https://ebiz.punjab.gov.pk/
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








