ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے اہم میچ کے دوران پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف کے ایک متنازع اشارے پر خاصی بحث چھڑ گئی تاہم بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ ریان ٹین ڈوشاٹے نے اس پر اپنا ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ بھارتی ٹیم کے لیے اہمیت کا حامل نہیں ہے۔
میچ کے دوران جب حارث رؤف باؤنڈری پر فیلڈنگ کررہے تھے تو بھارتی شائقین کی جانب سے ان پر آوازیں کسی گئیں اور طنزیہ نعرے لگائے گئے۔ اس پر حارث رؤف نے ایک ایسا ہاتھ کا اشارہ کیا جو بظاہر گرتے ہوئے طیارے جیسا دکھائی دیا۔
یہ اشارہ کئی شائقین اور سوشل میڈیا صارفین نے بھارت اور پاکستان کے درمیان مئی میں ہونے والی فضائی کشیدگی کی جانب اشارہ سمجھا جس میں رپورٹس کے مطابق پاکستان نے چھ بھارتی طیارے مار گرائے تھے۔ اس واقعے کی بنیاد پر سوشل میڈیا پر یہ اشارہ خاصی توجہ کا مرکز بن گیا۔
بھارتی کوچ ریان ٹین ڈوشاٹے نے اس معاملے کو زیادہ سنجیدہ لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس کی کوئی پرواہ نہیں، یہ ہمارے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میدان میں اس قسم کے واقعات عموماً شائقین اور کھلاڑیوں کے درمیان تناؤ کا نتیجہ ہوتے ہیں لیکن ٹیم ان چیزوں پر دھیان نہیں دیتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








