جینے کا حق چھینا گیا یا خود پھندا لگایا؟ بدر کمرشل میں نئی شادی شدہ لڑکی کے ساتھ کیا ہوا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 5 بدر کمرشل سے ایک لڑکی کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی ہے پولیس کے مطابق متوفیہ کا نام زینب ہے اور وہ زین عمر کی زوجہ تھی۔ ابتدائی طور پر واقعہ خودکشی کے طور پر دیکھا گیا لیکن مزید تحقیقات سے یہ معاملہ مشکوک معلوم ہو رہا ہے۔ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی صورتحال واضح ہو سکے گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زینب کا تعلق سیالکوٹ سے تھا اور اس کی شادی ایک ماہ قبل ہوئی تھی۔ شادی کے بعد وہ اپنے شوہر کی خالہ کے گھر رہائش پذیر تھی۔ واقعے کے وقت اس کا شوہر گھر پر موجود نہیں تھا۔

لاش چار منزلہ عمارت کی چھت پر ملی جہاں مرحومہ کے شوہر کی خالہ کا فلیٹ موجود ہے، لاش چھت کے فرش پر پڑی تھی اور دوپٹہ پھندا لگا ہوا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ متوفیہ کے شوہر سکیورٹی ادارے میں ملازم ہیں۔ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور شوہر کی خالہ اور کزن کے بیانات بھی ریکارڈ کر لیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ رواں سال اگست میں ڈیفنس فیز 6 میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا تھا جہاں ماں نے اپنے دو کمسن بچوں، 4 سالہ سمیحہ اور 7 سالہ ضرار کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا تھا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمہ ادیبہ ذہنی طور پر غیر مستحکم تھی اور اسے دورے پڑتے تھے۔ بچوں کے والد نے بچوں کو ملاقات کے لیے ان کے پاس بھیجا تھا۔ واقعہ کے وقت بچوں کے والد گھر پر موجود نہیں تھے۔

Related Posts