قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ گولڈ میڈلسٹ جیولیون تھروور ارشد ندیم کے کارنامے سے دنیا دنگ رہ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق میلبرن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرکٹ کمنٹیٹر وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ ہے جس کو مواقع نہیں ملتے، ارشد ندیم نے اپنی محنت اور مواقع سے جو کچھ کیا، اس سے پوری دنیا دنگ رہ گئی۔ ہمیں پاکستانی ہونے کی حیثیت سے فخر ہے لیکن پوری دنیا اس کارنامے پر فخر کا اظہار کرر ہی ہے۔
گفتگو کے دوران وسیم اکرم نے کہا کہ ارشد ندیم کے کارنامے سے پوری قوم کو امید ملی، اگر ہمارے ٹیلنٹ کو مواقع اور سہولیات دی جائیں تو وہ مزید کارنامے کرسکتا ہے۔ یہاں مسئلہ یہ ہے کہ سہولیات نہیں دی جاتیں، ٹیلنٹ نکھارا نہیں جاتا جس کیلئے کھیل کے تمام اداروں کو مل بیٹھ کر سوچنا اور غور کرنا ہوگا۔
سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ اسپورٹس باڈیز فنڈز لانے پر کام کریں، ہمیں اکٹھے بیٹھ کر پلاننگ کرنا ہوگی، مخصوص اسٹیڈیمز بنائے جائیں، اگر نوجوانوں کو مواقع نہ ملے تو وہ فون پر ہی لگے رہیں گے۔ ارشد ندیم کے ساتھ ساتھ نیرج چوپڑا کو بھی مبارکباد دوں گا کہ وہ کیا اسپورٹس مین ہے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا کی ماؤں نے بہت اچھا پیغام دیا کہ اسپورٹس سیاست سے الگ ہے، عوام کے آپس میں روابط اہم ہیں، دونوں کے والدین کا پوری دنیا کو مثبت پیغام گیا۔ ارشد ندیم نے کمال کردیا، ان کو بھی مبارکباد دیتا ہوں۔ امید ہے اگلے اولمپکس میں کرکٹ بھی ہوگی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








