کراچی کے مختلف علاقوں میں آج بوندا باندی ہوئی ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے شہرِ قائد میں کل سے آئندہ 4 روز تک مزید بارش کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی کے علاوہ حیدر آباد، ٹھٹھہ اور بدین میں بھی ہلکی پھلکی بارش اور بوندا باندی ہوگی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کردی گئی۔ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش ہوگی۔
آج صبح کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور بارش ہوئی جن میں ڈیفنس، قیوم آباد، لانڈھی، کورنگی، قائد آباد، ملیر، بھینس کالونی، رزاق آباد، عبداللہ گوٹھ، اسٹیل ٹاؤن اور گلشنِ حدید کے علاقے شامل ہیں۔ بعض علاقوں میں بوندا باندی کے علاوہ موسلا دھار بارش بھی ہوئی۔
قبل ازیں چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے پیشگوئی کی تھی کہ رواں ہفتے کراچی کا درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری کے درمیان رہے گا۔ 18 اگست یا اس کے بعد مون سون ہوائیں سندھ کا رخ کرلیں گی اور صوبے کے مختلف مقامات پر بارش بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کشمیر، اسلام آباد، پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب اور بالائی خیبر پختونخوا میں تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش ہوگی۔ شام اور رات کو شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان اور بالائی و جنوب مشرقی سندھ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








