کراچی کے شہریوں کے لیے پانی فراہم کرنے والے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر سالانہ مینٹیننس کے کام کے باعث شہر میں کل سے پانی کی سپلائی عارضی طور پر بند رہنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر 11 کے وی شٹ ڈاؤن کا شیڈول جاری کیا ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ سالانہ مینٹیننس کا کام 23 جنوری کو مکمل کیا جائے گا جس کے دوران دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے سیکنڈ اور تھرڈ فیز پمپ ہاؤس کے فیڈر بند رہیں گے۔
بجلی کی بندش صبح 10 بجے سے شام 6 بجکر 30 منٹ تک جاری رہے گی جس کے نتیجے میں شہر میں تقریباً ساڑھے 8 گھنٹے کے لیے پانی کی فراہمی متاثر ہوگی۔ کے الیکٹرک کے مطابق اس دوران شہر میں پانی کی فراہمی میں تقریباً 60 ملین گیلن کمی متوقع ہے حالانکہ معمول کے مطابق روزانہ تقریباً 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ عارضی کمی کے باوجود شہر کو تقریباً 590 ملین گیلن پانی کی سپلائی جاری رکھی جائے گی۔
خصوصی طور پر لیاری، صدر اور چنیسر ٹاؤن کے بعض علاقوں میں پانی کی فراہمی جزوی طور پر متاثر ہو سکتی ہے۔ کے الیکٹرک نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شٹ ڈاؤن کے دوران پانی کا استعمال محدود رکھیں تاکہ دستیاب وسائل کافی رہ سکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








