اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے ادارے سلامتی کونسل میں مقبوضہ کشمیر پر گفتگو ہوئی، اس کا خیر مقدم کرتے ہیں جبکہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سلامتی کونسل ایک بار پھر مسئلۂ کشمیر کو موضوعِ گفتگو بنا رہا ہے، پاکستان اس کا خیر مقدم کرتا ہے۔
ٹوئٹر پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری ظلم و ستم کی صورتحال کا سلامتی کونسل ایجنڈے میں شامل ہونا کشمیر میں بڑھتی ہوئی سنگینی کے ادراک کا مظہر ہے۔
پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے جس میں کشمیری عوام کی رضامندی کو مدِ نظر رکھا جائے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی محاذ پر حمایت جاری رکھے گا جب تک انہیں ناقابلِ تردید حقِ خود ارادیت مل نہیں جاتا۔
J&K dispute must be resolved in accordance with relevant UN Security Council resolutions & the will of the Kashmiri people. We will continue to provide moral, political and diplomatic support to the Kashmiri people until they secure their inalienable right to self-determination.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) January 16, 2020
یاد رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں تاریخِ انسانی کا بد ترین کرفیو آج 165ویں روز میں داخل ہوگیا جس کے دوران مظلوم کشمیریوں پر فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے، فائرنگ کے باعث ایک اور نوجوان کو آج شہید کردیا گیا۔
غاصب بھارتی فوج نے مظلوم کشمیریوں کی پکڑ دھکڑ، ظلم تشدد اور قتل و غارت کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا ہے جس کے دوران نام نہاد سرچ آپریشن کے نام پر کشمیریوں کو شہید کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں: مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک اور نوجوان شہید
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








