بہت سے لوگ بیت الخلا میں خاص طور پر کموڈ کی نشست پر بیٹھے ہوئے موبائل فون کا استعمال کرتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ وہاں زیادہ دیر تک بیٹھے رہتے ہیں۔ حال ہی میں کی گئی ایک سائنسی تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ یہ عادت انسان کو “بواسیر” جیسے مرض میں مبتلا کرنے کے خطرے کو نمایاں طور پر بڑھا دیتی ہے۔
ایک نئی تحقیقاتی رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ جو لوگ بیت الخلا میں کموڈ پر بیٹھے ہوئے موبائل استعمال کرتے ہیں، ان میں بواسیر کا خطرہ 46 فی صد زیادہ ہوتا ہے۔ بواسیر ایک ایسا مرض ہے جو زیادہ دباؤ ڈالنے یا طویل وقت تک کموڈ پر بیٹھے رہنے کے نتیجے میں لاحق ہو سکتا ہے۔
سائنس سے متعلق ویب سائٹ “سائنس الرٹ” کے مطابق یہ تحقیق سان ڈیاگو، کیلیفورنیا میں منعقدہ نظامِ ہضم کے امراض کے ہفتہ وار اجلاس میں پیش کی گئی۔ تحقیق میں 125 افراد کو شامل کیا گیا تھا جن کے آنتوں کا معائنہ کیا گیا۔ ان میں سے 40 فی صد سے زائد افراد بواسیر کا شکار تھے، جب کہ 93 فی صد نے تسلیم کیا کہ وہ ہفتے میں کم از کم ایک بار کموڈ پر بیٹھے ہوئے موبائل کا استعمال کرتے ہیں۔
ان میں سے تقریباً نصف افراد نے بتایا کہ وہ بیت الخلا میں خبریں پڑھتے ہیں، 44 فی صد سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں، اور تقریباً 30 فی صد ای میل یا پیغامات چیک کرتے ہیں۔ بعض افراد نے اعتراف کیا کہ وہ ہر بار بیت الخلا میں 6 منٹ سے زیادہ وقت گزارتے ہیں، اور ان کا ماننا تھا کہ موبائل فون کی وجہ سے وہ زیادہ دیر بیٹھتے ہیں۔
اگرچہ اس تحقیق کی بنیاد ایک محدود تعداد پر ہے، لیکن یہ عادت اور بیماری کے درمیان ممکنہ تعلق کو ظاہر کرتی ہے۔ موبائل کے استعمال اور بواسیر کے درمیان براہِ راست تعلق کے لیے مزید تحقیق درکار ہے۔
بواسیر دراصل جسم کے نچلے حصے میں موجود خون کی نالیوں، پٹھوں اور نرم بافتوں کا مجموعہ ہے۔ ہر انسان میں یہ موجود ہوتے ہیں، لیکن جب یہ سوجن یا خون بہانے لگیں تو انھیں بیماری سمجھا جاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ دباؤ یا طویل وقت تک بیٹھنے کی وجہ سے بواسیر پیدا ہو سکتی ہے۔ اسی لیے بعض ڈاکٹرز مشورہ دیتے ہیں کہ بیت الخلا میں 10 منٹ سے زیادہ وقت نہ گزارا جائے، جب کہ بعض ماہرین اس دورانیے کو صرف 3 منٹ تک محدود رکھنے کی سفارش کرتے ہیں۔
ایک سابقہ تحقیق میں بتایا گیا کہ بواسیر کا شکار 100 مریضوں نے کموڈ پر بیٹھ کر طویل وقت تک مطالعہ کیا، جو کہ ان کے ہم عمر اور ہم جنس مگر صحت مند افراد کی نسبت زیادہ تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








