کیا ہو رہا ہے پی آئی اے میں؟ ٹورنٹو کی تمام پروازیں اچانک منسوخ

تازہ ترین

تازہ ترین

PIA Officially Announces Date to Restart Flights to UK
FILE PHOTO

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے 13 ستمبر سے 27 ستمبر تک کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کے لیے اپنی تمام پروازیں معطل کردی ہیں۔ اس فیصلے سے کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

پی آئی اے عام طور پر ٹورنٹو کے لیے دو بوئنگ 777 ایل آر طیارے استعمال کرتی ہے۔ ان میں سے ایک طیارہ لینڈنگ گیئر میں خرابی کی وجہ سے گراؤنڈ ہے، جبکہ دوسرے طیارے کی مرمت کے دوران غیر معیاری جیک استعمال ہونے کی شکایت بوئنگ کمپنی کو کی گئی جس کے بعد اسے بھی عارضی طور پر روک دیا گیا۔

پی آئی اے کے ایک اندرونی دستاویز کے مطابق 13 ستمبر سے 27 ستمبر کے درمیان ٹورنٹو جانے اور آنے والی تمام 13 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ان میں لاہور سے دو جبکہ کراچی اور اسلام آباد سے ایک ایک ہفتہ وار پرواز شامل تھی۔

ادھر پی آئی اے کے انجینئرز پچھلے تین ہفتوں سے تنخواہوں میں اضافے نہ ہونے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور ڈیوٹی کے دوران سیاہ پٹیاں باندھ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق انجینئرز نے اب گو بائی بُک (Go by Book) کی غیر اعلانیہ مہم بھی شروع کر دی ہے جس کے تحت وہ صرف مینٹیننس مینول کے مطابق کام کر رہے ہیں اور کسی بھی قسم کی لچک نہیں دکھا رہے۔

ایئرلائن کو اس وقت پرزوں کی شدید قلت کا بھی سامنا ہے جس کے باعث مزید کئی طیارے پرواز کے قابل نہیں رہے۔ ان تمام وجوہات کی بنا پر پروازوں کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔

اطلاعات ہیں کہ ٹورنٹو کی پروازیں 27 ستمبر کے بعد بھی بحال نہ ہو سکیں۔

پروازوں کی منسوخی کے باعث ہزاروں مسافروں کو دشواری کا سامنا ہے۔ ایک مسافر نے بتایا کہ اس کی 16 ستمبر کی ٹورنٹو کی پرواز اب 7 اکتوبر پر منتقل کر دی گئی ہے جس سے اس کی ملازمت پر پہنچنے میں تاخیر ہوگی۔

اسی طرح کراچی سے لاہور جانے والی پرواز پی کے 306 کا شیڈول دو دن میں چار بار تبدیل کیا گیا، اور اب اسے ہفتے کی صبح 8 بجے روانہ ہونا ہے۔

فی الحال پی آئی اے کے 12 میں سے صرف 3 بوئنگ 777 طیارے اور 12 میں سے صرف 8 ایئر بس A320 طیارے فعال ہیں، جس کی وجہ سے ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوا ہے۔

Related Posts