سونامی کہاں ٹکرائے گا؟ روس میں انتہائی خوفناک زلزلے کے بعد وارننگ جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

روس کے مشرقی علاقے کمچاتکا کے ساحل کے قریب ہفتے کے روز ایک طاقتور زلزلہ آیا جس کی شدت نے نہ صرف زمین کو ہلا کر رکھ دیا بلکہ سونامی کے خطرے کی گھنٹیاں بھی بجا دیں۔

زلزلے کی شدت کے بارے میں مختلف اداروں نے مختلف معلومات فراہم کی ہیں۔ جرمن جیوسائنسز ریسرچ سینٹر (GFZ) کے مطابق زلزلہ 7.1 شدت کا تھا اور اس کی گہرائی صرف 10 کلومیٹر تھی جو اسے ایک کم گہرائی والا اور اس وجہ سے زیادہ خطرناک زلزلہ بناتی ہے۔

دوسری جانب امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) نے زلزلے کی شدت 7.4 اور گہرائی تقریباً 39.5 کلومیٹر بتائی۔ زلزلے کا مرکز پیٹروپاولووسک-کمچاتسکی شہر کے مشرق میں تقریباً 112 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔

زلزلے کے بعد بحرالکاہل کے سونامی وارننگ سسٹم نے ممکنہ سونامی کی وارننگ جاری کی تاہم جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق فی الحال جاپان میں کوئی سونامی الرٹ جاری نہیں کیا گیا۔

یہ وہی علاقہ ہے جہاں رواں سال جولائی میں 8.8 شدت کا شدید زلزلہ آیا تھا جس کے بعد جاپان، امریکہ، ہوائی، چلی، کوسٹا ریکا اور دیگر بحرالکاہلی ممالک میں سونامی کی وارننگز جاری کی گئی تھیں۔ اس زلزلے کے نتیجے میں بعض ساحلی علاقوں میں چار میٹر تک بلند لہریں دیکھی گئیں، جس کی وجہ سے سیویرو-کوریلسک جیسے علاقوں میں لوگوں کو فوری انخلا کرنا پڑا۔

کمچاتکا جزیرہ نما ایک انتہائی زلزلہ خیز علاقہ ہے جو زمین کی ٹیکٹونک پلیٹوں کی سرگرم سرحد پر واقع ہے۔ یہاں 1952 میں ایک نہایت تباہ کن زلزلہ آیا تھا، جس کی شدت 9.0 تھی اور یہ دنیا کے طاقتور ترین زلزلوں میں شمار ہوتا ہے۔

حالیہ زلزلے نے ایک بار پھر اس خطے میں قدرتی آفات کے خدشات کو نمایاں کر دیا ہے اور ماہرین صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

Related Posts