ملک بھر میں سال کا پہلا سپر بلیو مون آج دیکھا جاسکے گا۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ جس رات چاند زیادہ بڑا، روشن اور چمکدار نظر آئے، اسے سپر بلیو مون کہا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سال کا پہلا سپر بلیو میون آج رات 11 بج کر 26 منٹ پر نظر آئے گا۔ قومی خلائی تحقیقاتی ادارے سپارکو کا کہنا ہے کہ آئندہ 3 سپر مون بالترتیب 18ستمبر، 17اکتوبر اور 15 نومبرکو دیکھے جاسکتے ہیں۔
تاہم آج رات نظر آنے والے سپر بلیو مون کو زیادہ اہمیت اس لیے دی جارہی ہے کیونکہ یہ سال کا پہلا سپر بلیو مون ہوگا جس کا چاند دیگر بلیو مونز کے مقابلے میں بھی زیادہ بڑا، روشن اور چمکدار نظر آئے گا جس کی خوبصورتی دیکھنے والوں کو دنگ کردے گی۔
بلیو مون کی وجہ تسمیہ
ماہرین کا ماننا ہے کہ اپنے نام کے برعکس سپر بلیو مون میں چاند کا رنگ نیلا نہیں پڑتا بلکہ یہ ایک ایسی اصطلاح ہے جس کی ایک تاریخی وجہ ہے کیونکہ 19ویں صدی میں آتش فشاں پھٹ جانے کے ایک واقعے کے نتیجے میں آسمان کی رنگت بدل سی گئی۔
محققین کا کہنا ہے کہ آتش فشاں پھٹ جانے کے بعد چاند مکمل نیلگوں نظر آنے لگا جسے بلیو مون کہا گیا جبکہ بلیو مون کی 2 اقسام ہوتی ہیں جن میں سے ایک سیزنل بلیو مون ہے جسے موسمی بلیو مون بھی کہا جاسکتا ہے جبکہ دوسرا منتھلی یا ماہانہ بلیومون کہلاتا ہے۔
آج نظر آنے والا بلیو مون سیزنل بلیو مون ہے جس میں ایک سیزن میں 4 مکمل چاندوں کے تیسرے چاند کو سیزنل بلیو مون کہا جاتا ہے۔ اسی طرح انگریزی کیلینڈر کے مہینے میں دوسری بار چودھویں کا چاند نظر آجائے تو اس کو منتھلی بلیو مون کا نام دے دیا جاتا ہے۔
آج 19اگست کو آسمان پر نظر آنے والا چاند زمین سے 2 لاکھ 26 ہزار میل کے فاصلے پر ہوگا اور یہی وجہ ہے کہ چاند معمول کے مقابلے میں زیادہ بڑا اور روشن نظر آئے گا کیونکہ چاند کا زمین سے عمومی فاصلہ 2 لاکھ 38 ہزار 855میل ہوتا ہے یعنی چاند اپنا زمین سے 12 ہزار میل سے زائد فاصلہ کم کردے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








