پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان نے حکومت کو بجلی سستی نہ کرنے پر اسلام آباد میں دھرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا صوبہ سستی بجلی پیدا کررہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں صدر عوامی نیشنل پارٹی نے کہا کہ سستی بجلی کے پی کے پیدا کررہا ہے لیکن 14 روپے فی یونٹ کا ریلیف پنجاب کو دیا جارہا ہے۔ اگر خیبر پختونخوا میں بجلی کی قیمتوں میں کمی نہ ہوئی تو ہم 1 ماہ بعد اسلام آباد پہنچیں گے۔
بیان میں صدر اے این پی ایمل ولی خان نے کہا کہ ہم اسلام آباد میں مہنگی بجلی کے خلاف دھرنا دیں گے۔ جہاں آئی پی پیز کی بھرمار ہے وہاں ووٹ بینک کیلئے بلز کم کیے جارہے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں آئی پی پیز سے ایک میگا واٹ کی بجلی بھی پیدا نہیں کی جاتی۔
ایمل ولی خان نے کہا کہ یہاں کے عوام آئی پی پیز کا بوجھ کیوں برداشت کریں؟پیداواری لاگت کے حساب سے کے پی کے مین بجلی کے نرخوں کا تعین صوبے کا حق بنتا ہے۔ وفاقی حکومت بجلی اور گیس کی مد میں کے پی کے کے بقایا جات کی ادائیگی کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے۔
واضح رہے کہ آج سے 3 روز قبل سابق وزیراعظم نواز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 2 ماہ کیلئے 14 روپے فی یونٹ ریلیف دینے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد اسی ریلیف کا مطالبہ دیگر صوبے بھی کر رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








