اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانیت کا دن آج منایا جارہا ہے۔ عالمی دن کی خونچکاں تاریخ بتاتی ہے کہ دن منانے کا مقصد انسانیت سے محبت اور وفا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحدہ کے زیر اہتمام مختلف سماجی تنظیموں کے تعاون سے پاکستان اور اقوامِ متحدہ کے دیگر رکن ممالک انسانیت کا عالمی دن ہر سال 19 اگست کو مناتے ہیں جو 19 اگست 2003 کی یاد میں منایا جاتا ہے جسے تاریخ میں خون آشام دن کے طور پر یاد کیاجاتا ہے۔
تاریخ بتاتی ہے کہ 19اگست 2003 کے روز عراق کے شہر بغداد میں جنگ سے متاثرہ افراد کی خدمت میں مصروف 22 ریسکیو کارکنان کو بم حملے کے ذریعے قتل کردیا گیا جس کی یاد میں انسانیت کا عالمی دن ہر سال منایا جاتا ہے جس کا مقصد انسانیت کے دکھ درد بانٹنے کا درس دینا ہے۔
اسلام ہمیں درس دیتا ہے کہ تمام انسان ایک ہی برگزیدہ ہستی یعنی حضرت آدم علیہ السلام اور دنیا کی پہلی خاتون حضرت حوا علیہا السلام کی اولاد ہیں اور اسی ناطے سے دنیا میں جب بھی کسی انسان پر ظلم ہو یا وہ حادثے کا شکار ہوجائے تو تمام دوسرے انسان اس کی مدد کیلئے لپکتے ہیں۔
اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ انسانیت کا عالمی دن منانے کا مقصد دنیا بھر میں انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے بے لوث جذبے کے تحت کام کرنا ، امدادی کارکنان اور اداروں کے عزم کو سراہنا اور بھرپور حوصلہ افزائی ہے۔ ہم میں سے ہر ایک اپنی بساط کے مطابق انسانیت کی خدمت کیلئے ہاتھ بٹا سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








