فلوریڈا کے نمائندے میٹ گیٹز کو دیوانی مقدمے میں بیان دینے کیلئے عدالت میں پیش کیا گیا، میٹ گیٹز پرالزامات میں یہ الزام بھی شامل ہے کہ انہوں نے ایک 17 سالہ لڑکی کے ساتھ جنسی تعلقات استوار کیے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جنسی اسکینڈل 2021 میں سامنے آیا جب امریکی کانگریس کے فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے ریپبلکن رکن میٹ گیٹز پر نابالغ لڑکیوں کے ساتھ جنسی تعلقات اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے گئے۔ یہ الزامات امریکی محکمۂ انصاف کی تحقیقات کے دوران سامنے آئے اور امریکی میڈیا میں بڑے پیمانے پر رپورٹ ہوئے۔
میٹ گیٹزامریکی کانگریس کے ایک نمایاں ریپبلکن رکن ہیں اور اپنے بے باک بیانات اور ڈونلڈ ٹرمپ کے زبردست حامی کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ ان پر 2021 میں ایک بڑے جنسی اسکینڈل کا الزام لگا جس نے نہ صرف ان کے سیاسی کیریئر کو خطرے میں ڈال دیا بلکہ امریکی سیاست میں اخلاقیات اور اصولوں کے حوالے سے ایک بحث بھی چھیڑ دی۔
اسکینڈل کا آغاز مارچ 2021 میں ہوا جب رپورٹیں سامنے آئیں کہ میٹ گیٹز نے مبینہ طور پر ایک 17 سالہ لڑکی کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کیے اور اسے جنسی مقاصد کے لیے سفر کرایا۔ امریکی قوانین کے تحت یہ عمل جنسی اسمگلنگ کے زمرے میں آتا ہے اور اگر یہ ثابت ہو جاتا تو یہ ایک سنگین جرم ہوتا۔
مزید یہ کہ گیٹز پر الزام تھا کہ انہوں نے کچھ نوجوان خواتین کو مالی فوائد کے بدلے جنسی تعلقات کے لیے آمادہ کیا اور انہیں اپنے ساتھ مختلف ریاستوں میں سفر کرایا۔ یہ الزامات اس وقت اور بھی سنگین ہو گئے جب گیٹز کے ایک قریبی دوست، جوئل گرینبرگ، جو فلوریڈا کے سابق ٹیکس کلکٹر تھے، انہوں نے جنسی اسمگلنگ اور دیگر جرائم میں اپنی ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔
جوئل گرینبرگ نے عدالت میں اعتراف کیا کہ وہ کم عمر لڑکیوں کو پیسوں کے عوض جنسی خدمات کے لیے فراہم کرتا تھا اور اس دوران اس نے میٹ گیٹز کو بھی ملوث قرار دیا تاہم گیٹز نے ان الزامات کو مکمل طور پر مسترد کیا اور دعویٰ کیا کہ وہ کبھی کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں رہے۔
میٹ گیٹز نے الزامات کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ یہ سب ان کے سیاسی مخالفین کی سازش ہے جو ان کے سیاسی کیریئر کو نقصان پہنچانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو “جھوٹے” اور “بے بنیاد” قرار دیا۔ ان کے مطابق انہیں کبھی بھی کسی غیر قانونی سرگرمی کے لیے نہ تو تحقیقات کا سامنا کرنا پڑا اور نہ ہی کسی جرم کا اعتراف کیا۔
محکمۂ انصاف نے میٹ گیٹز کے خلاف مکمل تحقیقات کا آغاز کیا، لیکن ان پر باقاعدہ فردِ جرم عائد نہیں کی گئی۔ میڈیا میں آنے والی خبروں کے باوجود گیٹز نے اپنے سیاسی عہدے کو برقرار رکھا اور اپنے دفاع میں کہا کہ وہ ہر طرح کے الزامات سے بری ہوں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








