خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی جیل سے رہائی کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ عمران خان کسی دھرنے یا ہڑتال کے نتیجے میں نہیں بلکہ اپنے کیے گئے اعمال کی سزا مکمل کرنے کے بعد ہی جیل سے باہر آئیں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے ادیالہ جیل کے باہر سیکرٹریٹ قائم کر رکھا ہے اور اس کے رویے سے لگتا ہے کہ پی ٹی آئی دو مختلف سمتوں میں چل رہی ہے۔ ایک گروپ انتشار پھیلانے میں مصروف اور دوسرا صوبے کے امور پر توجہ دینے والا۔ انہوں نے صوبائی حکومت پر زور دیا کہ ہوش کے ناخن لیں اور قیدی نمبر 804 کو رہائی دلائیں۔
گورنر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز صوبے میں امن قائم رکھنے کے لیے قربانیاں دے رہی ہیں لیکن حکومت کے پی کی پالیسیاں ملک دشمن عناصر کے ساتھ تعلقات کے باعث سوالات پیدا کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپنی ذمہ داری نبھانی چاہیے، صوبے میں حکمرانی اور امن قائم رکھنا چاہیے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وفاق سے صوبے کے حصے کی رقم کے حوالے سے صوبائی حکومت اپنا مقدمہ خود عدالت میں پیش کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عدالتی کامیابی کی بنیاد گالم گلوچ یا شور و غل نہیں بلکہ مضبوط دلائل پر ہونی چاہیے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








