ملک بھر میں 10 روپے سے لے کر 5000روپے تک کے تمام موجودہ کرنسی نوٹس کا دور اختتام پذیر ہونے والا ہے جبکہ نئے کرنسی نوٹس کے اجرا پر نئی پیشرفت سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے نئی ڈیزائن کی گئی پاکستانی روپے (پی کے آر) کی کرنسی نوٹوں کے اجرا کے لیے تیاری کا کام مکمل کر لیا ہے اور اب اس عمل کو آگے بڑھانے کے لیے مرکزی بینک کو وفاقی کابینہ کی منظوری درکار ہے۔
توقع کی جارہی ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف جلد وفاقی کابینہ اجلاس میں نئے کرنسی نوٹس کے اجرا کا عمل آگے بڑھانے کیلئے منظوری دیں گے۔ پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن (پی ایس پی سی) کے مطابق نئے کرنسی نوٹ جدید اور مزید بہتر حفاظتی خصوصیات سے آراستہ ہوں گے۔
دوسری جانب نئے کرنسی نوٹس کا حتمی ڈیزائن تاحال باضابطہ طور پر پرنٹنگ کے لیے موصول نہ ہوسکا، جس کی رپورٹ ایک روزنامہ نے دی ہے۔ وفاقی کابینہ کی منظوری ملنے کے بعد پرنٹنگ کے عمل میں کم از کم 2 ماہ کا وقت درکار ہوگا۔
سینئر مینیجر پرنٹنگ امیر شمس نے بتایا کہ نئی کرنسی کی پرنٹنگ کے حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے درمیان مشاورت ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرکزی بینک ابھی اس بات پر غور کر رہا ہے کہ نئے ڈیزائن مرحلہ وار جاری کیے جائیں یا تمام مالیت کے نوٹ ایک ساتھ متعارف کرائے جائیں۔
شنید یہ ہے کہ اسٹیٹ بینک اس سال کے اواخر میں اپنی باضابطہ پرنٹنگ شیڈول کا اعلان کرے گا۔ اگر وفاقی کابینہ منظوری دے دیتی ہے تو غالب امکان یہ ہے کہ رواں سال کے اواخر تک نئے کرنسی نوٹ جاری کردئیے جائیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








