پنجاب کے شہر جھنگ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک بھائی نے اپنی بہن کوگولی مار کر قتل کر دیا۔ مقتولہ حال ہی میں کرغزستان سے ایم بی بی ایس مکمل کرکے واپس آئی تھی، پولیس کے مطابق یہ سفاکانہ عمل پسند کی شادی پر اختلافات کی بنا پر کیا گیا۔
سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے بتایا کہ ملزم عمیر مشتاق نے گگڑانہ حولی لعل میں رات کے وقت اپنی بہن کو گولی مار دی۔ مقتولہ نے کچھ عرصہ قبل ویڈیو لنک کے ذریعے ڈاکٹر حسنین سے نکاح کیا تھا جس پر اہل خانہ ناراض تھے۔ اس رنجش نے ایک اندوہناک انجام اختیار کیا جب عمیر نے اپنی بہن کی جان لے لی اور جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا۔
پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ضلعی اسپتال منتقل کر دیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے اور جلد ہی ملزم کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ یکم اگست کو خیبر پختونخوا کے شہر مردان میں بھی غیرت کے نام پر ایک بھائی نے اپنی بہن کو، جو چار بچوں کی ماں تھی اور حال ہی میں طلاق یافتہ تھی گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
اسی طرح 19 جولائی کو بلوچستان کے علاقے ڈگاری میں غیرت کے نام پر ایک خاتون بانو اور احسان اللہ نامی شخص کے قتل نے پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا جب ان کی فائرنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








