پاکستان کی 11 سالہ مارشل آرٹس کی شہرہ آفاق کھلاڑی فاطمہ نسیم نے ایک بار پھر اپنی غیر معمولی صلاحیتوں سے دنیا کو حیران کر دیا۔ انہوں نے صرف ایک منٹ میں دونوں ہاتھوں میں انڈا تھام کر 302 پنچز لگا کر نہ صرف رفتار اور طاقت بلکہ ناقابلِ یقین درستگی اور کنٹرول کا مظاہرہ کیا۔ یہ کارنامہ اس قدر نازک تھا کہ انڈے میں ذرا سی دراڑ بھی اس کامیابی کو ناکام بنا سکتی تھی مگر فاطمہ نے اپنی مہارت اور اعتماد سے اس چیلنج کو شاندار طریقے سے سر کیا۔
فاطمہ نے اس سے قبل 250 پنچز کا عالمی ریکارڈ توڑتے ہوئے نئی تاریخ رقم کی، جسے گنیز ورلڈ ریکارڈز نے باضابطہ طور پر تسلیم کرتے ہوئے اپنی ویب سائٹ پر شائع کر دیا۔ یہ ان کا چھٹا گنیز ورلڈ ریکارڈ ہے جو ان کی لگن اور محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
صرف سات سال کی عمر میں فاطمہ نے اپنا پہلا گنیز ریکارڈ قائم کیا تھا اور اب تک وہ چار بار بھارتی ریکارڈ ہولڈرز کو شکست دے چکی ہیں جن میں کئی تجربہ کار مارشل آرٹس انسٹرکٹرز بھی شامل ہیں۔ ان کی یہ کامیابی پاکستان کے لیے فخر کا باعث ہے۔
اس شاندار کامیابی کو فاطمہ نے پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاک فوج کے نام وقف کیا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی خواہش کا بھی اظہار کیا ہے۔
فاطمہ نسیم کی یہ کامیابی نہ صرف پاکستانی نوجوانوں کے لیے ایک عظیم مثال ہے بلکہ پوری دنیا کو یہ پیغام دیتی ہے کہ عزم اور محنت سے کوئی بھی خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








