آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر پاکستان میں سب سے زیادہ جو 10 فلمز دیکھی جارہی ہیں، وہ اپنے موضوع اور مواد کے باعث مقبولیت حاصل کررہی ہیں۔
آئیے تمام تر فلمز کے بینرز اور اداکاروں کی فہرست سمیت دیگر حقائق کا جائزہ لے کر یہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ پاکستانی قوم دیگر متعدد رنگا رنگ فلموں پر ان سب سے زیادہ دیکھی جانے والی 10 فلمز کو ہی کیوں فوقیت دے رہی ہے۔

نیٹ فلکس پر پہلے نمبر پر سب سے زیادہ دیکھی گئی فلم مہاراج ہے جس میں جے دیپ اہلاوت، مارک بینگٹن، جنید خان، شالینی پانڈے، شرواری واگھ، ایڈورڈ سوننبلک، جیمی آلٹر، سمیر پرنجاپ، ریشم ساہنی اور چترا جوشی نے اہم کردار نبھائے۔
سن 1800 کی دہائی میں تحریر کی گئی فلم مہاراج کی کہانی میں ڈیوڈ اور گولیاتھ کا تقابل دکھایا گیا ہے کہ ایک عام صحافی معاشرے کیلئے رول ماڈل کیسے بنتا ہے جسے آگے چل کر دنیا مسیحا کے طور پر پوجنا شروع کردیتی ہے۔

اس فہرست میں دوسری سب سے زیادہ دیکھی گئی فلم اے فیملی افیئر ہے جس کی کاسٹ میں زیک ایفرون، نکول کڈمین، جوائے کنگ، کیتھی بیٹس، لیزا کوشی، اولیویا میکلن، شیری کولا اور ایان کریگ جیسے اداکار شامل ہیں۔
اے فیملی افیئر کی کہانی اچانک شروع ہونے والے رومانوی تعلق کے گرد گھومتی ہے جو ایک نوجوان خاتون کی زندگی میں مضحکہ خیز تبدیلیاں لاتا ہے۔ اس کی ماں اور باس جو ایک فلمی ستارہ ہے، سب محبت، جنسی تعلق اور شناخت کے مسائل سے گزرتے ہیں۔

تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ دیکھی گئی فلم سری کانتھ ہے جس کی کاسٹ میں راجکمار راؤ، شرد کیلکر، داؤد خان، جگدیپ سندھو، جیوتیکا، جمیل خان، تشار ہیرانندنی اور سری کانتھ جیسے اداکار شامل ہیں۔
سری کانتھ کی کہانی ایک بصری اعتبار سے معذور شخص کے گرد گھومتی ہے جو تعلیم اور کاروبار میں اپنی معذوری کے باعث پیش آنے والے مسائل سے بخوبی نمٹتا ہے اور ایک ایسے ایڈونچر کا فیصلہ کرتا ہے جو اس کی زندگی بدل کر رکھ دیتا ہے۔

چوتھے نمبر پر سب سے زیادہ دیکھی جارہی فلم بیورلی ہلز کوپ ہے جس کی کاسٹ کی طویل فہرست میں ایڈی مرفی، ایکسل فولی، جوزف جورڈن، ٹیلر پیج، جین سینڈرز، جج رین ہولڈ، جان ایشٹن اور پاؤل ریزر جیسے فنکار اور کردار شامل ہیں۔
بیورلی ہلز کوپ میں ایکسل فولی بیورلی ہلز میں کھوجی کا کردار ادا کرتا ہے۔ جب اس کی بیٹی جین کی زندگی خطرے میں پڑتی ہے تو باپ بیٹی اپنے چند شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایک سازش کو بے نقاب کرنے کیلئے گھر سے نکل پڑتے ہیں۔

پانچویں نمبر پر سب سے زیادہ دیکھی جارہی فلم کریو ہے جس کی کاسٹ میں کرینا کپور، کریتی سینوں، تبو، دلجیت دوسانجھ، کپل شرما، پوجا بمرا، کبھوشن کھربندہ اور چارو شنکر جیسے اداکار اور اداکارائیں شامل ہیں جو مختلف کردار نبھاتے ہیں۔
کریو کی کہانی تین خواتین کے گرد گھومتی ہیں جو سونا اسمگل کرنے کی کوشش کرتی ہیں اور اس دوران ان کے ساتھ مختلف واقعات پیش آتے ہیں۔ کہانی کے اتار چڑھاؤ کے دوران دکھایا جاتا ہے کہ تینوں خواتین کی زندگی مختلف مشکلات کا شکار ہے۔

چھٹے نمبر پر سب سے زیادہ دیکھی گئی فلم بڑے میاں چھوٹے میاں ہے جو بھارتی باکس آفس پر پٹ چکی ہے تاہم پاکستانی اسے بہت شوق سے اس لیے دیکھ رہے ہیں کیونکہ فلم کی کاسٹ میں اکشے کمار، ٹائیگر شروف، پرتھوی راج اور سوناکشی سنہا جہیسے بڑے نام شامل ہیں۔
بڑے میاں چھوٹے میاں کی کہانی ایک دہشت گرد کے ساتھ چور سپاہی کے کھیل پر مرکوز ہے جس نے ماسک پہن رکھا ہے اور جو بھارت کو تباہ کرنا چاہتا ہے اور پھر یہ شخص ایک خطرناک ہتھیار چرا لیتا ہے۔ اکشے کمار اور ٹائیگر شروف اس کے پیچھے لگ جاتے ہیں۔

ساتویں نمبر پر سب سے زیادہ دیکھی گئی فلم دی کارپس واشر ہے جس کی کاسٹ میں آغنی حق، ابراہیم رسیاد، روتھ مارینی، وونی انگرینی، میاں تیارا، عمارہ صوفی اور ڈینی سپوترا جیسے فنکار شامل ہیں۔
ایک خاتون جو ایک چھوٹے سے شہر میں میتوں کو غسل دینے کا کام کرتی ہے، اپنی ماں کے اچانک انتقال کے بعد پریشانیوں میں گھر جاتی ہے اور پھر اس کی زندگی میں پراسرار اموات کا ایک سلسلہ سامنے آتا ہے جو اسے خوفزدہ کردیتا ہے۔

آٹھویں نمبر پر سب سے زیادہ دیکھی جارہی نیٹ فلکس فلم کا نام لاپتہ لیڈیز ہے جس کی کاسٹ میں نتانشی گوئل، پرتیبھا رنتا، سپرش شریواستو، روی کشن، چھایا قدم اور درگیش کمار مختلف کرداروں کے ساتھ شامل ہیں۔
لاپتہ لیڈیز کی کہانی دو شادی شدہ جوڑوں کے گرد گھومتی ہے۔ جوڑوں میں شامل دو مرد کرداروں کی بیویاں حادثاتی طورپر آپس میں بدل جاتی ہیں جس کے بعد واقعات کا ایک غیر متوقع قسم کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔

نویں نمبر پر سب سے زیادہ دیکھی جارہی نیٹ فلکس فلم کا نام شیطان ہے جس کی کاسٹ میں اجے دیوگن، جانکی بدیوالا، جیوتیکا، آر مدھاون، پلک للوانی اور منوج آنند جیسے فنکار شامل ہیں۔ خاص طور پر اجے دیوگن اور آر مدھاون کی بہت تعریف کی جارہی ہے۔
شیطان کی کہانی اجے دیوگن کے گھر میں گھسنے والے ایک ایسے بن بلائے مہمان کے گرد گھومتی ہے جو گھر کے مالک (اجے دیوگن) کی بیٹی کو عملِ تنویم کی مدد سے اپنا غلام بنا لیتا ہے اور پھر یہ بیٹی ایسے ایسے کام کرتی ہے جن کے متعلق اس کا باپ سوچ بھی نہیں سکتا۔

دسویں نمبر پر پاکستان میں سب سے زیادہ دیکھی جارہی نیٹ فلکس فلم کا نام انڈر پیرس ہے جس کی کاسٹ میں نسیم لائس، بیرینائس بیجو، لی لیوینٹ، این ماریون اور اینائس پاریلو جیسے اداکار شامل ہیں جبکہ یہ ایک خوفناک فلم ہے۔
انڈر پیرس کی کہانی پیرس نامی ایک خاتون کے گرد گھومتی ہے جسے خون آشام واقعات کے سلسلے سے بچانے کیلئے ایک سائنسدان اسے اس کے ماضی میں جھانکنے پر مجبور کرتا ہے جہاں ایک بڑی سی شارک مچھلی خاتون کی منتظر ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








